اسلام آباد( آن لائن ) پاکستان اور چین نے خطے کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے کیلئے مشترکہ کوششیں کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔ گزشتہ روزوزیرمملکت انسدادمنشیات شہریارآفریدی سے چینی سفارتخانہ کی ڈپٹی چیف آف مشن پنگ چون شوئی سے ملاقات کی۔اس موقع پروزیر مملکت شہریار آفریدی نے کہا کہ پاک،چین دوستی عالمی سفارتکاری میں دوستی کا بہترین نمونہ ہے ۔سی پیک کو دنیا کے پہلے منشیات سے پاک راستے میں تبدیل کیا جانا چاہئے اور پاکستان نے منشیات کی سمگلنگ کو روکنے کیلئے اپنی سرحدوں کو محفوظ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ منشیات کے کنٹرول میں ہمیں چین کے بہترین تجربات سے سیکھنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان سے دنیا میں منشیات کی سمگلنگ کو روکنے کیلئے چین کے ساتھ باہمی تعاون کرنے کی ضرورت ہے ، منشیات ہمارے نوجوانوں کو نشانہ بنا رہی ہے اور یہ سب سے بڑا چیلنج ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ منشیات ہماری آئندہ نسلوں کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے ، ہمیں اس لعنت کا مشترکہ طور پر مقابلہ کرنا ہوگا۔وزیرمملکت نے کہا کہ ہم نے منشیات اور منی لانڈرنگ میں ملوث مجرموں پر دنیا کا سب سے بڑا ڈیٹا بینک تیار کیا ہے ۔