اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سی پیک سے متعلق پاک چین جوائنٹ ورکنگ گروپ کا اجلاس ہوا جس میں دونوں جانب سے گوادر منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کیلئے انکی رفتار تیز کرنے پر اتفاق ہوا۔ اسلام آباد میں سی پیک سے متعلق بنے جوائنٹ ورکنگ گروپ کے اجلاس کی صدارت سیکرٹری منصوبہ بندی ظفر حسن اور چین کے ڈی جی این ڈی آر سی نے مشترکہ طور پر کی۔وزارت منصوبہ بندی کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں گوادرسی پیک منصوبوں پرکام تیزکرنے ،پاک چین دوستی ہسپتال ،گوادرکی سماجی ترقی،انٹرنیشنل ایئرپورٹ منصوبوں پرعملدرآمدپراتفاق کیا گیا۔سیکرٹری پلاننگ ظفرحسن نے کہاکہ گوادرپاک چین تعاون کے نئے مواقع فراہم کرے گا،سی پیک خطے میں خوشحالی لائے گا۔ گوادر کی ڈویلپمنٹ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ، گوادر سی پیک میں چین اور پاکستان کے درمیان گیٹ وے ہے جو تعاون کی نئی راہیں متعین کرے گا۔ سیکریٹری منصوبہ بندی نے گوادر فری زون، سٹی ماسٹر پلان، ایسٹ بے ایکسپریس وے کی کارکردگی پر حکام کو سراہا اور گوادر پورٹ کی ڈویلپمنٹ پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔