اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان سیاحت، کھیلوں اور تجارتی سرگرمیوں کیلئے مکمل طور پر محفوظ ملک ہے ، افغان عوام کا مستحکم اور خوشحال مستقبل یقینی بنانے کیلئے تعاون جاری رکھیں گے ۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے یونان کے سفیر آندریس پاپا ستروو نے جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ملاقات کی جس میں علاقائی سلامتی، افغانستان کی صورتحال اور دو طرفہ تعاون پرتبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف نے کہا پاکستان علاقائی امن کے لئے عالمی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کیلئے پرعزم ہے ، افغان عوام کا مستحکم اور خوشحال مستقبل یقینی بنانے کیلئے تعاون جاری رکھیں گے ، باہمی مفاد کے شعبوں میں صحت مندانہ سرگرمیوں کے تبادلے کی حوصلہ افزائی کرتے رہیں گے ۔اس موقع پر یونانی سفیر نے کہا کورونا وباء پر قابو پانے کیلئے پاکستان کی کوششیں قبل تعریف ہیں، افغانستان کی صورتحال، غیر ملکیوں کے انخلا اور علاقائی امن و سلامتی کے لئے پاکستان کا کردار قابل ستائش ہے ۔