اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)پاک بھارت قونصلر رسائی معاہدہ 2008 ء کے مطابق گزشتہ روزپاکستان اور بھارت نے قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا۔دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے بھارتی ہائی کمیشن کو 324 بھارتی قیدیوں جبکہ بھارت نے پاکستانی ہائی کمیشن کو 362 پاکستانی قیدیوں کی فہرستیں حوالے کیں۔ پاکستان نے بھارت سے سزا مکمل کر لینے والے 15 عام شہری اور 47 ماہی گیر قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کے مطابق پاکستان نے بھارتی ہائی کمیشن کے ساتھ قیدیوں 324 بھارتی قیدیوں کی فہرستوں کاتبادلہ کیا 364 بھارتی قیدیوں میں 270 ماہی گیر اور 54 شہری قیدی شامل ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے 362 پاکستانی قیدیوں کی فہرست دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے حوالے کی گئی۔ حکومت پاکستان بھارت سے سزا مکمل کر لینے والے 15 شہری اور 47 ماہی گیر قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کرتی ہے ،بھارت 77 شہری اور 113 ماہی گیر قیدیوں کو جلد از جلد قونصلر رسائی فراہم کرے ۔