اسلام آباد، راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی ، 92 نیوز رپورٹ ، نیوز ایجنسیاں) پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل 'غزنوی' کا کامیاب تجربہ کر کے دفاعی صلاحیت میں اضافہ کر لیا ہے ۔ جمعرات کو پاک فوج کے شعبہ تعلقاتعامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق تربیتی لانچ آرمی سٹریٹجک فورسز کمانڈ کی فیلڈ ٹریننگ مشق کا حصہ تھا جس کا مقصد دن اور رات کے دوران آپریشنل تیاری کو مزید بہتر کرنا ہے ۔اس تربیتی لانچ کا مشاہدہ ڈائریکٹر جنرل سٹریٹجک پلانز ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی منج ، کمانڈرآرمی سٹریٹجک فورسز کمانڈ ، چیئرمین نیسکام ، سٹریٹجک پلانز ڈویژن کے سینئر افسران ، آرمی سٹریٹجک فورسز کمانڈ ، سائنسدانوں اور سٹریٹجک تنظیموں کے انجینئرز نے کیا۔ڈائریکٹر جنرل سٹریٹجک پلانزڈویژن نے اسلحہ کا نظام چلانے میں اعلیٰ مہارت کا مظاہرہ کرنے پر آرمی سٹریٹجک فورسز کمانڈ کی آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔ انہوں نے مضبوط سٹریٹجک کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم اور سٹریٹجک فورسز کی قابلیت پر بھی مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔صدر مملکت، وزیراعظم، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے اس تاریخی کامیابی پر قوم کو مبارکباد پیش کی۔