لاہور(کلچرل رپورٹر) پاکستان کا کبڈی میں بھارت کو شکست دیکر پہلی بار ورلڈ چیمپئن بننے پر شوبز شخصیات بھی خوشی سے نہال ہیں اور کھلاڑیوں کی پیغامات کے ذریعے بھرپور حوصلہ افزائی کر رہے ہیں ۔ ٹوئٹر پر ماہرہ خان ، حمزہ علی عباسی و دیگر شخصیات نے عالمی چیمپئن بننے والی کبڈی ٹیم کو مبارکباددی ہے ۔ اداکارہ ماہرہ خان نے اپنے ٹویٹ میں ہیش ٹیگ ’’پاکستان زندہ آباد‘‘ کا استعمال کیا۔علی ظفر نے بھی جیت میں اہم کردار ادا کرنیوالوں کی تصویر شیئر کی اور خوشی کا اظہار کیا۔ حمزہ علی عباسی و دیگر نے کہا کہ کھلاڑیوں نے میچ جیت کر پاکستان کا نام روشن کردیاہے ۔اداکارہ ثناء فخر نے کہاکہ پاکستان کے کبڈی ٹیم پر فخر ہے ۔ فلمسٹار تابندہ علی نے کہاکہ 6 بار کے کبڈی چیمپئن بھارت کو ہرانا بہت بڑی فتح ہے ۔اداکارہ فیروزہ علی نے کہاکہ کبڈی کا میچ پاکستان میں ہونا اس بات کی گواہی ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے ۔اداکارہ دیاجٹ ، نسیم وکی ،بھنگڑا کنگ شاہد سونو اورمناہل خان نے کہاکہ قومی کبڈی ٹیم کی جیت نے ہم سب کو ایک نئی خوشی سے نوازاہے ۔