لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ نے سلیکشن پالیسی تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ ذرائع کے مطابق نئی سلیکشن پالیسی میں سلیکشن کمیٹی کے اختیارات میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ کوچ سلیکشن کمیٹی کو ہر ٹور کے بعد کھلاڑیوں کی کارکردگی رپورٹ دینے کا پابند ہوگا ۔ ٹیم کا انتخاب کرتے وقت سلیکشن کمیٹی صرف کپتان کی رائے لے گی ۔ نئی سلیکشن پالیسی میں سلیکشن کمیٹی مینیجنگ ڈائریکٹر کو جواب دہ ہو گی ۔پاکستان کرکٹ بورڈکے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کی انتظامیہ اور سلیکشن کمیٹی سے متعلق اہم فیصلے چند ہفتوں میں کر لیے جائیں گے کرکٹ ورلڈکپ 2019 کے دوران پاکستانی ٹیم اپنی خراب کارکردگی کی وجہ سے ایونٹ کا سیمی فائنل بھی کھیلنے سے محروم رہی تھی۔قومی ٹیم کے ورلڈکپ سے باہر ہونے کے بعد یہ چہ مگوئیاں کی جارہی تھیں کہ چیئرمین پی سی بی احسانی مانی جلد بورڈ میں بڑی تبدیلیاں کریں گے ۔چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ' بطور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ، میری اننگز تو اب شروع ہوئی ہے ، نئی ٹیم انتظامیہ اور سلیکشن کمیٹی سے متعلق فیصلے چند ہفتوں میں کر لیے جائیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ 'جب میں نے اپنا عہدہ سنبھالا تو ورلڈکپ میں کچھ ہی ماہ باقی تھے اور اسی وجہ سے ٹیم انتظامیہ اور کپتان سرفراز احمد کی تبدیلی سے متعلق فیصلہ نہیں کیا۔جب ان سے سوال کیا گیا کہ وہ بورڈ میں تبدیلیاں کتنے عرصے میں کر دی جائیں گی تو انہوں نے جواب دیا کہ وہ تبدلیوں کے معاملے میں جلدی نہیں کر رہے ، تاہم اہم نوعیت کے فیصلے پہلے لیے جائیں گے ۔