لاہور ( کامرس ڈیسک)ماڈل کسٹمز کلیکٹوریٹ اسلام آباد نے ڈائریکٹر یٹ جنرل ٹریننگ اینڈ ریسرچ (کسٹمز) ریجنل آفس اسلام آبادکے تعاون سے گزشتہ روز پاکستان کسٹمز سٹریٹیجک پلان 2019-24 پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا۔اس سیمینار کا مقصد نارتھ ریجن میں کام کرنے والے پاکستان کسٹمز کے افسران کو ادارے کے مستقبل کے وژن سے روشناس کرانا تھا۔ ڈاکٹر جواد اویس آغا ممبر(کسٹمز-آپریشنز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو اس موقع پر مہمان خصوصی تھے ۔سمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ریسرچ(کسٹمز) فیاض احمد نے اس ایونٹ کے مقصد کا اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ آگہی اور اونرشپ کے حوالے سے پانچ سالہ تزویراتی منصوبے کا یہ تیسرا کامیاب سیمینار ہے ۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر جواد اویس آغا ممبر(کسٹمز-آپریشنز) نے ادارے کی صلاحیتوں میں اضافے اور اب تک کی ہونے والی اصلاحات سے متعلق شرکاء کو آگاہ کیا۔انہوں نے پاکستان کسٹمز کی قومی اور بین الاقوامی سطح پر اب تک کی کاررکردگی سے بھی حاضرین کو آگاہ کیا۔آخر میں چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو، سید محمد شبر زیدی نے اپنے خطاب میں اس پلان کی تیاری اور اسے حتمی شکل دینے پر ممبر(کسٹمز-آپریشنز) اور ان کی جملہ ٹیم کو مبارکباد پیش کی ۔