تجزیہ:جلیل عباس جیلانی سعودی عرب پاکستان کا قریبی دوست ہے جس کے ساتھ پاکستان کا ہمیشہ قریبی تعلق رہا ہے ۔ پاکستان نے مشکل وقت میں ہمیشہ سعودی عرب کا ساتھ دیا ہے اور اسی طرح پاکستان کے مشکل وقت میں سعودی عرب نے ہمارا ساتھ دیا ۔ جب بھی ضرورت پڑی دونوں ایک دوسرے کی مدد کیلئے تیار ہوئے اور مدد کی ہے ۔ وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب قدرتی امر تھا ۔ دونوں ممالک کے تعلقات ہی اتنے قریبی ہیں کہ وزیراعظم نے سب سے پہلے سعودی عرب جانا تھا۔ پاکستان او ر سعودی عرب اقتصادی طور پر بھی قریب ہیں پاکستان بھی اسی طرح مسلم دنیا کا ایک اہم رکن ہے ،ہم مسلم دنیا کی واحد ایٹمی طاقت ہیں اور سعود ی عرب کو بھی اس بات کا بخوبی احساس ہے ۔دونوں ممالک کے عوام بھی ایک دوسرے کو قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہمیشہ سے مختلف علاقائی و عالمی معاملات پر ہم آہنگی رہی ہے اور دونوں ممالک نے مختلف عالمی فورمز پر ایک دوسرے کا ساتھ دیا ۔ دونوں ممالک جنوبی ایشیاء اور مشرق وسطحی میں دیر پا امن کا قیام چاہتے ہیں ا ور ان کے مابین تعاون سے اس مقصد کے حصول میں مدد ملے گی ۔سعودی عرب نے ماضی میں مختلف مواقع پر پاکستان کو درکار اقتصادی و معاشی معاونت فراہم کی اور ایک ایسے وقت میں جب پاکستان کو ایک بار پھر معاشی مشکلات کا سامنا ہے سعودی عرب سے پاکستان کی مدد کرنے کے سلسلے میں مثبت اشارے مل رہے ہیں ۔