لاہور(خصوصی نمائندہ،سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہاہے کہ پاکستان کو کنگال کرکے ذاتی تجوریاں بھرنے والوں کو سزا ملنی چاہئے ۔ عام آدمی کی زندگی بہتر بنانے کیلئے پرانا نظام بدلنا ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان اپنی حقیقی منزل کی جانب بڑھ رہا ہے ۔پی ٹی آئی حکومت مشکل فیصلے کر کے ملکی معیشت کو بہتر کررہی ہے ۔گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ ماضی کے فرسودہ اور بوسیدہ نظام سے عوام کو کچھ نہیں ملا۔ہم سابق حکومتوں کے بوئے ہوئے کانٹوں کو چن چن کر صاف کر رہے ہیں اورسسٹم کو درست کرنے کیلئے اصلاحات کی جا رہی ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت اداروں کو بہتر بنائیگی ، اصلاحات کا براہ راست فائدہ عام آدمی کو پہنچے گااور عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرینگے ۔ تحریک انصاف کی سیاست عوام کی بے لوث خدمت کا نام ہے ۔ماضی کے ادوار میں عوام کی خدمت کے دعویدار وں نے ملکی معیشت کو تباہ کیا اور سابق ادوارمیں ہونے والی لوٹ مار کے باعث پاکستان بدحالی کی تصویر پیش کر رہا ہے ۔چند عاقبت نااندیش عناصر تبدیلی سے خوفزدہ ہیں۔ہم وعدوں کو پورا کرینگے ۔تحریک انصاف کی حکومت نے لوٹ مار کے بازار کو بند کیا،تاریخ میں پہلی بارکرپشن فری کلچر کو فروغ دیا ۔ گزشتہ 10 برس کے دوران کرپشن، لوٹ مار اور بدانتظامی کا راج رہا۔تحریک انصاف کو عوام نے کرپٹ عناصر کے احتساب اور تبدیلی کیلئے ووٹ دیا ۔عوام کی خدمت کرنے آئے ہیں اور یہ مشن جاری و ساری رہیگا۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ عثمان بزدارنے بغیر پروٹوکول خودگاڑی چلا کرشہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، رات گئے وہ ٹریفک سگنلز پر بھی رکتے رہے ۔انہوں نے سروسز ہسپتال کے باہر شہریوں کے مسائل بھی سنے جبکہ شاہرائوں پر سٹریٹ لائٹس سمیت دیگر صورتحال کا بھی جائزہ لیا جبکہ پولیس بھی لاعلم رہی اور جب خبر ملی اسکی دوڑیں لگ گئیں۔دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب نے قومی کرکٹ ٹیم کو جنوبی افریقہ کیخلاف میچ جیتنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے بھارت سے شکست سے سبق سیکھ کر غلطیاں نہیں دہرائیں اور کامیابی سمیٹی،خصوصاً بابر اعظم اور حارث سہیل نے ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر فتح کی بنیاد رکھی امید ہے کہ قومی ٹیم ورلڈ کپ کے آئندہ میچوں میں بھی کامیابیاں سمیٹے گی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے تعزیتی پیغام میں خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت علی یوسفزئی کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ ، افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا ۔