لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کو آئی سی سی ورلڈ کپ جیتے 28 سال مکمل ہوگئے ۔ پاکستانی ٹیم نے یہ کارنامہ عمران خان کی قیادت میں 1992 میں سر انجام دیا۔ 22 فروری سے 25 مارچ تک منعقد ہونیوالے آئی سی سی کے پانچویں میگا ایونٹ کی میزبانی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ نے مشترکہ طور پر کی ۔ پاکستان نے فائنل میں انگلینڈ کو 22 رنز سے ہرا کر ٹرافی پر قبضہ جمایا تھا۔ وسیم اکرم نے اس ٹورنامنٹ میں تمام ٹیموں کے باؤلر سے سب سے زیادہ 18 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔ ٹورنامنٹ میں نیوزی لینڈ کے بلے باز مارٹن کرو نے سب سے زیادہ 456رنز بنائے تھے۔راؤنڈ رابن اور ناک آؤٹ مرحلے پر مشتمل اس ٹورنامنٹ میں9 ٹیم نے39 میچ کھیلے تھے۔