لاہور؍اسلام آباد؍ سیالکوٹ؍ پاکپتن؍ حبیب آباد؍ واشنگٹن (جنرل رپورٹر؍وقائع نگار؍ سپیشل رپورٹر؍ ڈسٹرکٹ رپورٹرز؍ نیوز ایجنسیاں) ملک بھر میں کورونا کے مریضوں میں مزید 1490 افراد کا اضافہ ہوگیا اور مریضوں کی مجموعی تعداد 12644 تک پہنچ گئی جبکہ ہلاکتیں 268 ہوگئی ہیں۔پنجاب میں مریض 5 ہزار300 سے بڑھ گئے ۔ سندھ میں 4232، خیبرپختونخوا میں 1793،بلوچستان میں 656، گلگت بلتستان میں 307 اور آزاد کشمیر میں 55 مریض رپورٹ ہوچکے ہیں۔نشتر ہسپتال ملتان میں مزید 3 مریض دم توڑ گئے ، لالہ زار کالونی کے 62سالہ عبدالحفیظ، حضوری باغ روڈ کے رہائشی 62 سالہ فدا حسین اور کے بلاک شاہ رکن عالم کے رہائشی 48 سالہ عارف نے آئی سو لیشن وارڈ میں دم توڑ ا۔علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ میں 70 سالہ انور بٹ کورونا سے زندگی کی بازی ہار گیا۔کورونا سے جاں بحق خاتون فرحت کو پتوکی میں سپردخاک کردیا گیا۔لاہور میں 4، راولپنڈی میں 2 اور گوجرانوالہ، سرگودھا، راجن پور میں ایک ایک مریض انتقال کرگیا۔لاہور میں جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم سرور کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا جس کے بعد سیشن جج نے ضلع کچہری میں 2 عدالتیں سیل کرنے کا حکم دے دیا، دونوں عدالتوں میں نعیم سرور نے فرائض انجام دیئے تھے ، مزید 6 مجسٹریٹس کو ٹیسٹ کرانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔جناح ہسپتال میں ایک وارڈ بوائے اورپی آئی سی کے مزید3ملازم کوروناکاشکارہوگئے ۔بادامی باغ لاہور کے علاقے حنیف پارک کو 4 کیس سامنے آنے پر سیل کردیا گیا۔کورونا میں مبتلا ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوجانے والی لاہور کی رہائشی عاصمہ کے قریبی عزیز میں بھی وائرس کی تشخیص ہوگئی۔بلوچستان کے علاقے دشت کی اسسٹنٹ کمشنر ثناء ماہ جبین بھی کورونا کا شکار ہوگئیں۔افغانستان سے طورخم کے راستے 436 افراد واپس پاکستان آگئے جنہیں قرنطینہ منتقل کردیا گیا۔کراچی میں لاک ڈائون کی خلاف ورزی پر گرفتار تاجروں کو ضمانت پر رہا کردیا گیا۔سندھ حکومت نے آن لائن کاروبار کیلئے ایس او پیز جاری کردی جس کے مطابق بازار میں دکان کا شٹر کھولنے کی اجازت نہیں ہے ، کاروبار کا مالک ملازمین کا صحت کا ذمہ دار ہوگا۔پنجاب میں 12 لیبارٹریاں فعال ہونے سے روزانہ ٹیسٹ کی صلاحیت 4824 ہوگئی۔ چین سے میڈیکل ایمرجنسی ریلیف کے سامان کی دوسری کھیپ پاکستان پہنچ گئی۔چینی میڈیکل ٹیم بھی پاکستان آئی ہے جو دو ماہ قیام کرے گی۔ادھر دنیا بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 29 لاکھ سے بڑھ گئی جبکہ ہلاکتیں 2 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہیں۔ گزشتہ روز امریکہ میں 1500، برطانیہ میں 900، سپین میں 378، فرانس میں 369،اٹلی میں 415، بیلجیئم میں 238، نیدر لینڈز میں 120، کینیڈا میں 160،میکسیکو میں 152، ترکی میں 106 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ۔چین میں 12 نئے کیس رپورٹ ہوئے ، کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔سعودی عرب میں مریضوں کی تعداد 15 ہزار سے بڑھ گئی۔کینیا کے صدر نے لاک ڈاؤن میں تین ہفتے کی توسیع کر دی۔سری لنکا نے مریضوں کی تعداد میں اضافے کے بعد دوبارہ کرفیو نافذ کر دیا۔بھارت میں لاک ڈائون میں نرمی کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے ۔عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے تاحال اس بات کا کوئی ثبوت نہیں کہ کورونا سے صحت یاب ہونے اور اینٹی باڈیز رکھنے والے افراد دوبارہ کورونا کا شکار نہیں ہو سکتے ۔