فیصل آباد (سپورٹس ڈیسک) پاکستان ون ڈے کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے 9ویں میچ میں فیڈرل ایریاز نے وقاص مقصود کی شاندار باؤلنگ کی بدولت بلوچستان کو 98رنز سے شکست دے دی۔ بلوچستان نے ٹاس جیت کر فیڈرل ایریاز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ فیڈرل ایریاز نے پہلے کھیلتے ہوئے صہیب مقصود کی 92رنز کی شاندار اننگز کی بدولت 47.2 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 304رنز بنائے ۔ عابد علی 73، رضا علی ڈار 70، حسین طلعت 15، سرمد بھٹی 7، سلمان علی آغا 3، سعد نسیم 14، وقاص مقصود 1، عاشق علی 13 اور ظفر گوہر 6رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ بلوچستان کی جانب سے محمد نواز62رنز کے عوض 4وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے ، شاہین آفریدی نے 36رنز کے عوض 2 جبکہ سہیل تنویر، محمد عرفان جونیئر اور انور علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں ہدف کے تعاقب میں بلوچستان کی پوری ٹیم وقاص مقصود کی تباہ کن باؤلنگ کی تاب نہ لاتے ہوئے 23.2اوورز میں 206رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ احمد شہزاد اننگز کی پہلی ہی گیند پر بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے ۔ بسم اﷲ خان 42، رضوان حسین 8، رمیز راجہ جونیئر 38، محمد نواز 2، خوشدل شاہ 6، سہیل تنویر 42، انور علی 34، عمر گل 16رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ فیڈرل ایریاز کی جانب سے وقاص مقصود نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 63رنز کے عوض بلوچستان کے 6 کھلاڑیوں کی وکٹیں اڑائیں جبکہ ظفر گوہر، سلمان علی آغا اور عاشق علی ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے ۔ فیڈرل ایریاز کے وقاص مقصود کو شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ میچ کے فیلڈ امپائرز احسن رضا اور امتیاز اقبال تھے ۔ ٹی وی امپائر شوزاب رضا جبکہ ریفری ندیم ارشد تھے ۔