اسلام آباد(صباح نیوز)ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی)نے 2020 میں پاکستان کی معاشی شرح نمو منفی 0.4 فیصد رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے ۔اے ڈی بی نے پاکستان کی معیشت پر رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق 2021 میں پاکستان کی جی ڈی پی 2 فیصد تک رہنے کی توقع ہے ۔اس سے قبل اپریل میں اے ڈی بی نے رواں سال پاکستان کی معاشی شرح نمو کا تخمینہ 2.6 فیصد لگایا تھاجبکہ اگلے سال کے لئے معاشی شرح نموکا اندازہ 3.6 فیصد لگایا گیا تھا۔اے ڈی بی کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان کی معیشت بری طرح متاثرہوئی ہے ،کورونا میں کمی کے بعد پاکستان میں معاشی بحالی کا امکان ہے اور معاشی اصلاحات کی بحالی پرپاکستان میں اقتصادی سرگرمیاں بڑھنے کی توقع ہے ۔ایشیائی ترقیاتی بینک کے اندازے کے مطابق 2020 میں پاکستان میں مہنگائی کی شرح 10.7 فیصد تک رہے گی اور 2021 میں یہ کم ہو کر 7.5 فیصد تک رہنے کا امکان ہے ۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ درآمدات میں کمی کے باعث پاکستان کا کرنٹ اکائونٹ خسارہ کم ہوا ہے ،کورونا سے نمٹنے کے لئے پاکستان نے 1240 ارب روپے کاریلیف پیکج دیا جبکہ ٹڈی دل کے حملوں کے باوجود زرعی شعبے کی پیداوار2.7فیصد رہی ہے ۔