بیجنگ (آ ئی این پی ) چین کے وزیر پبلک سکیورٹی نے کہا ہے کہ چین پاکستان کیساتھ روایتی دوستی کو مضبوط بنانا اور سٹریٹجک تعاون کو آگے بڑھانا چاہتا ہے ۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق چین کے وزیر برائے تحفظِ عامہ(پبلک سکیورٹی)جیاو کہ جھی نے بیجنگ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کی سکیورٹی کانفرنس کے سیکر ٹریز کے تیرہویں اجلاس میں شریک مشیر قومی سلامتی ناصر خان جنجوعہ اور بھارت کے ڈپٹی نیشنل سکیورٹی مشیر راجندر کھنہ و دیگر شرکا سے الگ الگ ملاقات کی۔ جیاو کہ چھی نے ناصر جنجوعہ سے ملاقات میں کہا کہ چین شنگھائی تعاون تنظیم کے ڈھانچے کے تحت پاکستان کے ساتھ باہمی تعاون ، قومی حدود سے ماورا جرائم کی روک تھام ، دہشتگردی کی حوصلہ شکنی اور چین پاک اقتصادی راہداری کی تعمیر کی سکیورٹی و دیگر شعبوں میں ٹھوس تعاون کو فروغ دینا اور پاکستان کے ساتھ روایتی دوستی کو مضبوط ، سٹریٹجک تعاون کو آگے بڑھانا چاہتا ہے ۔ ناصر جنجوعہ نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ سکیورٹی کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی کوشش کرے گا تا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کی تعمیر کو کامیابی سے فروغ دیا جاسکے ۔