اسلام آباد(اے پی پی) پاکستان میں چینی سفارتخانہ کے ڈپٹی چیف آف مشن لی جیان ژائو نے کہا ہے کہ چین کی جانب سے پاکستان کیلئے مالی پیکیج دونوں ملکوں کے درمیان سدا بہار دوطرفہ مستحکم تعلقات کا ثبوت ہے ۔ گزشتہ روز یہاں صحافیوں سے گفتگو میں لی جیان ژائو نے کہا کہ چین کی حکومت پاکستان کو دیئے جانے والے مالی امداد پیکیج کا حجم ظاہر نہیں کرے گی کیونکہ اس وقت دونوں ملکوں کے ماہرین اس پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین نے ماضی میں بھی ہر مشکل وقت میں پاکستان کو مالی امداد فراہم کی اور ہم مستقبل میں بھی اسی جذبہ کے تحت امداد جاری رکھیں گے ۔ ڈپٹی چیف مشن نے یاد دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بھی چین کے مرکزی اور کمرشل بینکوں نے اقتصادی استحکام کیلئے سٹیٹ بینک آف پاکستان میں اربوں ڈالر رکھے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم سی پیک کو جہاز سمجھ لیں تو پاکستان اس کا پائلٹ ہے ، چین کو سی پیک میں دوسرے کسی بھی ملک کو شامل کرنے پر کوئی اعتراض نہیں۔