لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیر اعلیٰ آفس میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی،اراکین صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا،وزیراعلیٰ نے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے پیچھے رہنے کی وجہ کرپشن اور سابق حکمرانوں کی نااہلیاں ہیں، لوٹ مار کی سیاست کا دور گزر چکا ہے ، سابق دور میں ملک کوقرضوں کے چنگل میں جکڑنے والے کس منہ سے رہنمائی کادعویٰ کرسکتے ہیں،تحریک انصاف کی حکو مت کی ٹھوس پالیسیوں سے معیشت میں بہتری آ رہی ہے اور ماضی میں جو کانٹے بوئے گئے انہیں ایک ایک کر کے صاف کر رہے ہیں، وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں عامر نواز خان، راجہ صغیر،امجد محمود چودھری،لطاسب ستی،چودھری ساجد محمود، جاوید کوثر، عاطف، سبطین رضا، شہاب الدین خان،سرداراویس دریشک، محترمہ ام البنین علی اور سیدہ فرح عظمیٰ شامل تھیں ، چیف وہپ سید عباس علی شاہ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ،سیکرٹری وزیراعلیٰ کوآرڈینیشن اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجو د تھے ،علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں بلوچستان کے وزیر صنعت حاجی محمد خان اتمن خیل کی سربراہی میں وفدنے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور،عمومی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیاگیا،وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بلوچستان کے وفد کی طرف سے لورا لائی کے دورے کی دعوت قبول کر لی، وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے دل بلوچستان کے لوگوں کیساتھ دھڑکتے ہیں۔ ڈیرہ غازی خان میں کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ کے قیام سے بلوچستان کے عوام بھی مستفید ہوں گے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے سید عماد علی کو جونیئر ورلڈ سکریبل چیمپئن شپ جیتنے پر مبارکباددی ۔