اسلام آباد،نیویارک(لیڈی رپورٹر،صبا ح نیوز)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں اضافے کا سبب بننے والے اقدامات سے گریز کرنے پر زور دیا ہے ۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان نے یہ بات نیو یارک میں ایک ورچوئل نیوز بریفنگ کے دوران اے پی پی کے ایک سوال کے جواب میں کہی۔ترجمان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور سیکرٹری جنرل نے اس معاملے پر گزشتہ ہفتے بات چیت کی تھی اور وزیر خارجہ کی جانب سے بھجوائے گئے خط کی نقول اقوام متحدہ کے رکن ممالک کو فراہم کر دی گئی ہے ۔دریں اثنا سیکرٹری جنرل نے ویڈیو پیغام میں زور دیا کہ کورونا وائرس کی وباء کے باعث لوگوں کی منتقلی پر ان کی صحت کا تحفظ بہت ضروری ہے اور انسانی نقل و حرکت پر ممالک کو نئے نقطہ نظر اپنانے کی ضرورت ہے ۔