لاہور(کامرس رپورٹر ) یورپین یونین کی سفیر اینڈرولا کیمینارا نے کہاہے کہ یورپی یونین پاکستان کو برآمدات بڑھانے کے لی ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کو تیار ہے ۔ ان خیالات انہوں نے لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ، سینئر نائب صدر علی حسام اصغر سے لاہور چیمبر میں ملا قات کے دوران کیا،جبکہ ایگزیکٹو کمیٹی ممبران حاجی آصف سحر اور یاسر خورشید بھی موقع پر موجود تھے ۔ مس اینڈرولا کیمینارا نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین ٹیکسٹائل کے ساتھ ساتھ دیگر کئی شعبوں میں تجارت بڑھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یورپی یونین اور پاکستان کے مابین حالیہ ہونے والے معاہدے سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے نئے مواقع تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی یورپی یونین کو برآمدات میں اضافے کی ایک وجہ جی ایس پی پلس سٹیٹس ہے ،اس سٹیٹس پر سالانہ نظر ثانی کی جاتی ہے تاہم پاکستان کو اس سٹیٹس کے تحت تمام کنوینشنز کا اطلاق یقینی بنانا ہو گاتاکہ جی ایس پی پلس سٹیٹس قائم رہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن ، موسمیاتی تبدیلیاں اور امیگریشن یورپی یونین کے خصوصی اہداف میں شامل ہیں ۔