اسلام آباد،لاہور، واشنگٹن ( خبر نگار خصوصی، وقائع نگار ،جنرل رپورٹر، نیوزایجنسیاں) پاکستان میں کورونا وائرس بے اثر ہونے لگا، فعال کیس 20 ہزار سے بھی کم رہ گئے ۔ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 21افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 727نئے کیس سامنے آگئے ۔این سی اوسی کے مطابق ملک بھرمیں جاں بحق افراد کی تعداد 6035 ہو گئی جبکہ متاثرین 281863ہو گئے ۔گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 15 ہزار ٹیسٹ کیے گئے ۔ابتک256058 مریض کورنا کوشکست دے چکے ۔ فعال کیس 19770رہ گئے ۔پنجاب میں کورونا وائرس سے 5مزیداموات ہوئیں ، کل تعداد2162 ہوگئی جبکہ 277نئے کیس سامنے آ نے کے بعد متاثرین93847 ہو گئے ۔ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق لاہور 100،ننکانہ 2،قصور 1،راولپنڈی58،جہلم 1،اٹک 3 ،گوجرانوالہ 25،سیالکوٹ11،نارووال 3،گجرات8، حافظ آباد 1،منڈی بہاؤالدین 5،ملتان13،خانیوال 1،فیصل آباد 4،ٹوبہ 6، رحیمیار خان3،سرگودھا2، میانوالی 2،خوشاب 3،بہاولنگر2،بہاولپور5، لودھراں 3،ڈیرہ غازیخان 6،مظفرگڑھ 1،راجن پور1،ساہیوال5اوراوکاڑہ میں ایک کیس رپورٹ ہوا۔ابتک754559ٹیسٹ کیے جا چکے ۔کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد 85232 ہو گئی۔ وفاقی وزیراسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کے اجلاس میں کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے بڑے پیمانے پر آگاہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایس اوپیز پر عملدرآمد کر کے کورونا سے بچا جاسکتا ہے ۔ اجلاس میں صوبوں کی این سی اوسی کو کورونا صورتحال اور حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی ، جس میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں کورونا کے پھیلاؤ میں واضح کمی آئی ہے ، عوامی سطح پرایس اوپیزپر عملدرآمد میں بھی کمی آئی ہے ۔اسد عمر نے کہا ملک سے کورونا کا مکمل خاتمہ نہیں ہوا، ایس اوپیز پر عملدرآمد کر کے وبا سے بچا جاسکتا ہے ، عوامی مقامات پر ماسک، سماجی فاصلے پر عملدرآمد کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ اسد عمر کا کہنا تھا سندھ215، پنجاب 17، کے پی کو 10 مزید آکسیجن بیڈ فراہم کئے جائیں گے ۔ادھر دنیا بھر میں کورونا متاثرین ایک کروڑ 91 لاکھ جبکہ ہلاکتیں 7لاکھ 14ہزار سے تجاوز کر گئیں۔ امریکہ میں متاثرین50لاکھ جبکہ اموات ایک لاکھ 62ہزار، بھارت میں متاثرین 20لاکھ جبکہ اموات 41ہزار سے بڑھ گئیں۔ بھارت میں چوبیس گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 62ہزار سے زائد کیس سامنے آئے ۔ امریکی ریاست اوہائیو کے گورنر مائیک ڈیوائن کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آگیا انکا کورونا ٹیسٹ کا رزلٹ ایسے وقت سامنے آیا جب وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کرنے والے تھے اور عین وقت پر ملاقات منسوخ کر دی گئی۔ امریکہ نے کورونا کے باعث اپنے شہریوں کیلئے غیرملکی سفر نہ کرنے کی ہدایات واپس لے لیں۔ کورونا کیسز میں اضافے پر ایمسٹرڈم میں رش والی جگہوں پر ماسک کی پابندی لگا دی گئی۔ شکاگوکے سکولوں نے آن لائن کلاسز لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ عمان میں کل سے اندرون ملک سفری پابندیاں ختم کرنے اور کرفیو اوقات میں کمی کرنے کا اعلان کردیا گیا۔