پاکستانی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے قابل فخر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسیوں کا بڑا حملہ ناکام بنا دیا، جس کے ذریعے وہ ذاتی موبائل فونز‘ ذاتی موبائل ڈیٹا اور فوجی و تکنیکی آلات ہیک کرنا چاہتی تھیں‘ پاک فوج نے سائبر حملے روکنے کے لئے ضروری حفاظتی انتظامات میں اضافے کے ساتھ ساتھ تمام حکومتی اداروں کو سائبر سکیورٹی کے اقدامات کے لئے ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ بھارت پاکستان کا مکار دشمن ہی نہیں‘ ڈھیٹ پڑوسی بھی ہے جو پاکستان اور پاکستانی اداروں کو نقصان پہنچانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتا باوجود یکہ پاکستانی افواج فضائی‘ بری‘ بحری ہر میدان میں اس کے دانت کھٹے کر چکی ہیں لیکن وہ اپنی مکارانہ چالیں کھیلنے سے باز نہیں آتا۔ اب اس نے سائبر حملوں کی نئی چال چلی ہے لیکن پاکستانی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے اسے ناکام بنا کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ نہ صرف ہمہ وقت الرٹ ہیں بلکہ اپنے ملک کا دفاع کرنا بھی جانتی ہیں ، دشمن کوئی بھی وار کرے ‘ کوئی بھی چال کھیلے، جتنی چاہے اپنی ٹیکنالوجی آزمالے‘ اسے ہر محاذ پر ناکامی اور شکست کا منہ دیکھنا پڑے گا۔ با ایں ہمہ بھارت سے یہ توقع عبث ہے کہ وہ اس قسم کی مزید کارروائی سے باز آ جائے گا لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ نہ صرف سائبر سکیورٹی کے انتظامات میں مزید اضافہ کیا جائے بلکہ پاک فوج نے سائبر حملوں کے حوالے سے سکیورٹی اقدامات کے لئے جو ایڈوائزری جاری کی ہے اس پر عمل کیا جائے تاکہ مستقبل میں دشمن کی اس قسم کی دیگر چالوں کو ناکام بنایا جا سکے۔