اسلام آباد(سپیشل رپورٹر، وقائع نگار، 92 نیوز رپورٹ) پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسیوں کا بڑا سائبرحملہ ناکام بنادیا ہے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق ملک کے ا حساس اداروں نے بھارت کی خفیہ ایجنسیوں کے بڑے سائبراٹیک کا سراغ لگاکراسے ناکام بنا دیا۔ بھارتی انٹیلی جنس ایجنسیاں متعدد سائبر جرائم میں ملوث پائی گئیں۔بھارتی خفیہ اداروں کا سائبر اٹیک کے ذریعے دفاعی حکام کے موبائل فون ہیک کرنے کا منصوبہ تھا۔ سرکاری اہلکاروں اور فوجی اہلکاروں کے تکنیکی آلات کو ہیک کر کے دھوکہ دہی کی جاتی ۔ دشمن ایجنسیوں کے مختلف ٹارگٹس کی تحقیقات کی گئیں۔بھارتی ایجنسیاں ذاتی موبائل فونز، ذاتی موبائل ڈیٹا ،سرکاری اورفوجی تکنیکی آلات ہیک کرنا چاہتی تھیں۔پاک فوج نے سائبر حملوں کو روکنے کیلئے ضروری حفاظتی انتظامات بڑھا دیئے ،تمام حکومتی اداروں کو سائبر سکیورٹی کے اقدامات کیلئے ایڈوائزری جاری کر دی ۔دشمن اینٹیلی جنس ایجنسیوں کی تمام تر منفی سرگرمیاں ناکام بنانے کیلئے سکیورٹی کے حوالے سے تمام اقدامات کئے جارہے ہیں،اس حوالے سے تمام ضابطہ کارکوملحوظ خاطررکھاگیا۔حکومتی اداروں کومختلف حوالے سے اہداف کی نشاندہی کی گئی تاکہ وہ خامیاں دورکرکے اپنی سائبرسکیورٹی سے متعلق اقدامات کرسکیں۔دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کے دیگر اہداف کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ قبل ازیں 3 جون کو سربراہ آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ بھارت کیلئے جواب ہے کہ ہم تیار ہیں، بھرپور طاقت سے جواب دینگے ۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا تھا کہ بھرپور طاقت سے جواب کا مظاہرہ بھارت نے گزشتہ سال دیکھ لیا تھا۔ میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ بھارت ہم پر لانچ پیڈ کا الزام لگاتا ہے ۔انہوں نے کہا تھا کہ اقوام متحدہ مبصر گروپ کو مکمل آزادی ہے اور وہ پاکستان سائیڈ پر جہاں چاہیں آجا سکتے ہیں۔