لاہور(سپورٹس رپورٹر) بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ رسل ڈومینگونے سیریز میں شکست پر بنگلہ دیش کی سست بیٹنگ اور پاکستان کی شاندار بیٹنگ باؤلنگ کارکردگی کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی میں عالمی نمبر ایک ٹیم کے خلاف ان کے بیٹسمین بڑا سکور کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے ، پاکستان میں سکیورٹی کے انتہائی شاندار انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ شائقین کی اتنی بڑی تعدادکے سامنے کھیل کر وہ بہت خوش ہیں۔ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں شکست کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے رسل نے کہا کہ پہلے میچ میں ان کے بیٹسمین دس سے پندرہ رنز کم بنائے جبکہ دوسر میچ کی پچ بہتر تھی اور اس پر زیادہ رنز بنانے چاہئیں تھے مگر اس پر بھی پچیس سے تیس رنز کم بنائے گئے جس وجہ سے میچ میں شکست ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ تمیم اقبال وکٹ پر رکے رہے مگر دوسرے اینڈ سے یکے بعد دیگرے گرنے والی وکٹوں کی وجہ سے وہ بھی بڑا سکور نہ کر سکے ۔ دونوں میچوں میں پاکستان نے بہت اچھی کرکٹ کھیلی۔ہم نے مقابلہ کرنے کی کوشش کی مگر دونوں میچوں میں پاکستان ٹیم نے بہتر کھیل پیش کیا۔ بیٹنگ کے علاوہ فاسٹ باولرز بہت اچھے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مشفیق الرحیم کے نہ ہونے سے فرق پڑا ہے مگر پاکستان نے بہت اچھی کرکٹ کھیلی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں رسل نے کہا کہ لاہور میں ہم بہت انجوائے کررہے ہیں اور پاکستان کی میزبانی بہت ہی شاندار ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں بنگلہ دیشی ہیڈ کوچ نے کہا کہ ٹاپ آرڈر میں پاور ہٹرز لانے کی کوشش کررہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ تیسرے میچ میں کامیابی حاصل کرکے سیریز کا اختتام کامیابی پر کرنے کی کوشش کریں گے ۔