کراچی (این این آئی)مختلف ممالک کوپاکستانی برآمدات میں امریکہ سر فہرست ،چین دوسرے اور برطانیہ تیسرے نمبر پرہے ۔ امریکہ، چین، برطانیہ، افغانستان، جرمنی اور نیدر لینڈز کے 6ممالک کیلئے پاکستان کی برآمدات 48فیصد رہیں۔سرکاری دستاویز کے مطابق رواں مالی سال پاکستان کی مجموعی برآمدات میں امریکہ کیلئے برآمدات کا حصہ17.03 فیصد رہا جو پچھلے مالی سال میں 15.67 فیصد تھا۔رواں مالی سال پاکستان کی چین کیلئے برآمدات 8.30فیصد ،برطانیہ 7.5فیصد، افغانستان 5.64 فیصد،جرمنی 5.54فیصداور نیدر لینڈ کیلئے 4.23فیصد رہیں۔ اسی طرح اسپین کیلئے برآمدات 4.04 فیصد، یواے ای 4.02 فیصد،اٹلی 3.43 فیصد، بنگلہ دیش 3.25 فیصد،سعودی عرب 1.43 فیصد اور بھارت کیلئے 1.11 فیصد رہیں۔دستاویز کے مطابق 2018 کے مقابلے میں 2019میں امریکہ،برطانیہ،نیدر لینڈ، اسپین، یو اے ای، اٹلی، بنگلہ دیش،سعودی عرب،کینیڈا اور پولینڈ کیلئے برآمدات میں اضافہ ہوا۔ افغانستان، جرمنی، بلجیم، فرانس، سری لنکا، ترکی، کوریا، کینیا اور بھارت کیلئے برآمدات میں کمی ہوئی۔