لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہا ہے کہ دورہ نیوزی لینڈ ملتوی ہو نے پر وہ بھی کرکٹ مداحوں کی طرح دکھی ہیں تاہم وہ پہلے کی طرح اس مشکل دور سے پہلے کی طرض گزرنے میں کامیاب ہو جائیں گے ۔ پی سی بی کی جانب سے جاری کئے گئے رمیز راجہ کے ویڈیو بیان میں انہوں نے اس دورہ کے التوا کو مایوسی کن قراردیا اور کہا کہ پہلے بھی پاکستان کرکٹ مشکل دور سے گزر چکی ہے ۔ اب بھی ہم ہمت اور کوشش سے اس مشکل وقت سے نکل جائیں گے ۔ رمیز راجہ نے شائقین کرکٹ سے اپیل کی ہے کہ ہمیں ان کی سپورٹ کی ضرورت ہے ۔ رمیز راجہ نے قومی ٹیم کے کھلاریوں کو بھی مخاطب کیا اور کہا کہ وہ اپنا غصہ اپنی کارکردگی سے نکالیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں کو اب محنت کر کے دنیا کی بہترین ٹیم بننا ہو گا۔ جب ٹیم بہترین بن جائے گی تو کھیلنے والوں کی لائنیں لگ جائیں گی۔ہم میں اتنی ہمت اور اعتماد ہے کہ ہم اس مشکل وقت پر قابو پا سکتے ہیں۔ ہم اپنی ڈومیسٹک کرکٹ مظبوط بنا کر بھی بہترین بن سکتے ہیں۔ انشااللہ کرکٹ شائقین کی سپورٹ سے جلد اچھی خبریں ملنا شروع ہو جائیں گی۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کے ذریعے ورلڈ کلاس ٹیم بنانے کی صلاحیت ہے ۔اب ایک بار پھر پاکستان کرکٹ دباؤ میں آ گئی ہے ہم میں ہمت اور اعتماد ہے کہ ہم ایک بار پھر دنیا کو چیلنج کر سکتے ہیں۔مایوسی کی ضرورت نہیں ہے ۔ ہمارے بس میں جو ہو گا وہ کریں گے اور پاکستان کی کرکٹ کو آگے لے کر جائیں گے ۔