اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر) مشیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ پاکستانی معیشت تسلسل اور کامیابی سے استحکام کی جانب گامزن ہے اور معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں جن سے امریکی سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کو فائدہ اٹھانا چاہیے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار یو ایس پاکستان بزنس کونسل کی جانب سے اپنے اور انکے ہمراہ پاکستانی وفد کے اعزاز میں واشنگٹن میں منعقدہ رائو نڈ ٹیبل ظہرانے سے خطاب میں کیا۔ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ نے پاکستان میں کاروباری آسانیاں پیدا کرنیکی حکومتی کاوشوں پر روشنی ڈالی اور امریکی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کو پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری کا حجم بڑھانے کی دعوت دی۔رائو نڈ ٹیبل میں ایس اینڈپی گلوبل،پیپسی کولا، موٹرولا سلوشنز انک، سٹی، گوگل، ایکسن موبل اور دیگر ملٹی نیشنل کمپنیوں کے عہدیدار موجود تھے ۔علاوہ ازیں عبد الحفیظ شیخ نے ایشیائی انفراسٹرکچراینڈانویسٹمنٹ بینک کے صدر جِن لی کون سے ملاقات کی اور پاکستان میں بینک کی سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کرنے کے علاوہ معیشت کے ان شعبوں پر بات کی جن میں بینک کی جانب سے سرمایہ کاری کے امکانات ہیں۔ صدر جِن لی کون نے پاکستانی معاشی تعمیر و ترقی کے ایجنڈا کی تکمیل کیلئے ایشیائی انفراسٹرکچر بینک کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے پاکستان کے ترجیحی ترقیاتی شعبوں میں بینک کی جانب سے امداد بڑھانے کی پیشکش کی۔ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ نے اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر بندار ایم ایچ ہجار سے بھی ملاقات کی اور انہیں معیشت کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔