سرینگر(این این آئی) مقبوضہ کشمیر میں لینڈ کرنے والے بھارتی طیاروں کے پائلٹس کو پاکستانی ہیکرز نے ’’دل دل پاکستان‘ ‘جیسے ملی نغمے سنا دئیے ۔بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستانی ہیکرز اکثر جموں ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) کی بھارتی طیاروں کو فراہم کردہ فریکوئنسی کو ہیک کر لیتے ہیں جس کے بعد بھارتی پائلٹس کو پاکستانی ملی نغمے سننے پر مجبور کیا جاتا ہے ۔بھارتی پائلٹس نے میڈیا کو بتایا کہ ان کے ساتھ یہ کوئی پہلی مرتبہ نہیں ہو رہا بلکہ اکثر اوقات لینڈنگ کے دوران ہمیں ایسے ملی نغمے سننے پر مجبور کیا جاتا ہے ۔ایسی صورتحال کی پیش نظر وہ اودھم پور کے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کرتے ہیں جو بعد ازاں ہمیں متبادل فرینکوئنسی فراہم کر دیتا ہے ۔انہوں نے کہا ہم وی ایچ ایف ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہیں جو لائن آف سائٹ رابطے کا ذریعہ ہے ۔ ہیکرز اس ٹیکنالوجی کی کمزوری کا فائدہ اٹھا کر ہمارا رابطہ ہیک کر لیتے ہیں۔