لاہور (سپورٹس ڈیسک) سابق قومی فاسٹ بائولر شعیب اختر کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم انگلینڈ کیخلاف سیریز میں سرپرائز کر سکتی ہے جب کہ گرین شرٹس کا دورہ کئی اعتبار سے بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہوگا۔ 44 سالہ شعیب اختر کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم میں اتنی اہلیت ہے کہ وہ انگلینڈ کو سرپرائز دیتے ہوئے سخت چیلنج کا باعث بن جائے لہٰذا ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستانی کھلاڑی سیریز میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مثبت نتائج حاصل کریں۔ شعیب اختر کا خیال ہے کہ پہلے ٹیسٹ کے بعد دوسرے ٹیسٹ کی جانب بڑھتے ہوئے گرین شرٹس معجزہ کرکے دکھا سکتے ہیں۔ انہوں نے پی سی بی کی کاوشوں کو بھی سراہا کہ اس نے مشکل حالات میں بڑا دستہ ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی سیریز کھیلنے کے لیے انگلینڈ روانہ کیا اور انٹرا اسکواڈ میچوں کا انعقاد کر کے ٹور میچز سے محرومی کی صورت میں مشق کا بہترین موقع فراہم کیا جس سے ٹیسٹ سیریز کی تیاری ممکن ہوئی۔