اسلام آباد(وقائع نگار،این این آئی)عالمی بینک کے مطابق پاکستان جنوبی ایشیا میں ٹاپ ریفارمر بن گیا۔اصلاحات کی بدولت پاکستان ایز آف ڈوئنگ بزنس انڈیکس میں 11درجہ بہتری کے بعد136ویں نمبر آگیا تھا، رواں سال ورلڈ بینک نے 9 میں سے 6 اصلاحات کو تسلیم کیا جس کے بعد پاکستان جنوبی ایشیا میں ٹاپ ریفارمر بن گیا۔ ورلڈ بینک کے مطابق رواں سال پاکستان نے 6 مختلف شعبوں میں بہتری دکھائی جن میں کاروبار کا آغاز، تعمیراتی اجازت ناموں کا حصول، بجلی حاصل کرنا، پراپرٹی رجسٹریشن، ٹیکسوں کی ادائیگی اور سرحدوں کے آر پار تجارت شامل ہے ۔عالمی بینک کے صدر ڈیوڈ میلپاس رواں ماہ کے آخر میں پاکستان کا دورہ کریں گے ، اس دورے کا مقصد ٹاپ 20 گلوبل ریفارمرز میں پاکستان کی شمولیت کا خیرمقدم اور ایز آف ڈوئنگ بزنس انڈیکس میں موجودہ مجموعی طور پر زوال پذیر ریٹنگ میں بہتری کے لیے مستقبل کی حکمت عملی لانچ کرنا ہے ۔سرمایہ کاری بورڈ حکام کے مطابق متوقع طور پر ورلڈ بینک کے صدر اور وزیراعظم عمران خان کاروباری اصلاحات کاری کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی مشترکہ طور پر صدارت کریں گے ۔