لاہور(کامرس رپورٹر) پاکستان تین کھرب ڈالر سے زائد کی عالمی حلال فوڈ مارکیٹ کا اہم حصہ بننے کی بھرپور صلاحیت اور تمام تر وسائل رکھتا ہے لہذا اس شعبہ پر خاص توجہ دی جائے ۔ ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر عرفان اقبال شیخ نے سینئر نائب صدر علی حسام اصغر اور نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد کے ہمراہ ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ عالمی حلال فوڈ مارکیٹ میں بھرپور حصہ حاصل کرنے کی تمام تر صلاحیت کے باوجود پاکستان کا اس تجارت میں حصہ بہت کم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حلال مصنوعات کا فروغ ہمارا قومی ایجنڈا ہونا چاہیے ، اس سے ہماری برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات قابل فکر ہے کہ بڑے حلال فوڈ ایکسپورٹرز میں کوئی بھی مسلم ملک شامل نہیں ہے ،البتہ پاکستان عالمی سطح پر حلال گوشت کی برآمدات کی بھرپور اہلیت رکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تھوڑی سی کوشش سے پاکستان بآسانی عالمی حلال فود ٹریڈ کا بڑا حصہ بن سکتا اور اس شعبے کی برآمدات کو تین گنا تک بڑھا سکتا ہے ۔