ننکانہ صاحب ( نیٹ نیوز) وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیر (ر) اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب دو جسم ایک جان کی طرح ہیں ، دونوں ممالک ایک دوسرے سے الگ نہیں ہو سکتے ، اپوزیشن رہنماؤں کی ملاقاتوں سے حکومت کو کوئی پریشانی نہیں ۔ ننکانہ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے بارے میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔ دفتر خارجہ اور آئی ایس پی آر نے وزیر خارجہ کے بیان کی وضاحت کر دی ، 16 اگست کو آرمی چیف سعودی عرب جا رہے ہیں۔اس سے قبل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ قوم آج یوم آزادی زیادہ جوش و خروش سے منا رہی ہے ۔ آزادی نہ ملتی تو ہمارا حال بھی بھارتی مسلمانوں جیسا ہوتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان قیامت تک رہنے کے لئے بنا ہے ۔ 73 سالوں میں آدھا ملک گنوا بیٹھے ۔ملک مزید ٹوٹ پھوٹ کا متحمل نہیں ہوسکتا ، ہم سب کو اپنا آپ ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے ۔ یہ ملک ریاست مدینہ کی طرز پر تعمیر ہورہا ہے ۔ پوری قوم نے کورونا وبا کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔تاہم احتیاطی تدابیر پر عمل جاری رکھنے کی ضرورت ہے ۔