اسلام آباد /لاہور/نیو یارک (خبر نگار خصوصی / سٹاف رپورٹر/ بیورو رپورٹ) پاکستان سمیت دنیا بھر میں جشن عید میلاد النبیﷺ اتوار کو مذہبی جوش و جذبہ اور عقیدت و احترام سے منایا گیا ،شہر شہر اور گلی گلی نبیﷺ کی ولادت با سعادت کے موقع پر جلوس نکالے گئے جہاں ہر طرف درود وسلام کے نعرے بلند ہوتے رہے ۔ گھروں، گلیوں اور بازاروں میں چراغاں کیا گیا۔ ملک بھر میں تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں 12ربیع الاول کو عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس نکالے گئے ۔شہریوں کی جانب سے سٹالز لگائے گئے جہاں پر عوام کی حلوہ پوری ، پٹھوروں، کھیر ، نان حلیم، بریانی، سوپ اور سبز چائے سے تواضع کی گئی ۔بچوں اور نوجوانوں کی جانب سے پہاڑیاں بنائی گئیں جنہیں انتہائی خوبصورت انداز میں سجایا گیا ۔پولیس کی طرف سے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔ رواں سال عالمی سیرت کانفرنس کا موضوع ریاست مدینہ اور جدید اسلامی فلاحی مملکت کا تصور تعلیمات نبوی کی روشنی میں رکھا گیا ۔ اس موضوع پر یونیورسٹیوں، کالجوں اور دینی مدارس کے سکالرز اور علمائو مشائخ نے تحقیقی مقالات‘ کتب سیرت اور کتب نعت مقابلے کے لئے وزارت مذہبی امور کو بھجوائے ہیں۔ وزارت مذہبی امور نے 70مقالات ،کتب سیرت و نعت کو مقابلے کے لئے منتخب کیا ۔اسلام آباد میں ہونے والی عالمی رحمت اللعالمین کانفرنس میں سعودی عرب ‘ ایران ‘ مصر ‘ عمان ‘ عراق ‘ تیونس اورشام سے علمائو مشائخ نے شرکت کی ۔ اس کے علاوہ جامع الازہر کے وائس چانسلر‘ عمان کے مفتی اعظم‘ مدینہ یونیورسٹی کے پروفیسرز اور مسجد اقصیٰ کے خطیب کو کانفرنس میں شرکت کی خصوصی طور پر دعوت دی گئی۔مساجد اور سرکاری عمارتوں پر خصوصی چراغاں کیا گیا تھا،چھوٹی بڑی مساجد میں محفل نعت کا اہتمام کیا گیا۔ نیویارک سے بیورو رپورٹ کے مطابق امریکہ میں بھی عید میلاد النبیﷺ جوش و خروش ، عقیدت و احترام سے منایا گی، نیویارک کے علاقے بروکلین میں جلوس نکالے گے جن میں ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی، نیوجرسی ، میری لینڈ ، واشنگٹن، شکاگو، پنسلوانیا ، روڈ آئی لینڈ، کیلیفورنیا سمیت دیگر امریکی ریاستوں میں قائم اسلامک سنٹروں اور مساجد میں سیرت کانفرنسز ہوئیں ، علماء اکرام نے حضرت محمد مصطفیٰﷺ کی سیرت کے مختلف پہلووں پر روشنی ڈالی۔