اوٹاوہ (آن لائن) کینیڈا میں پاکستان ہائی کمشنر رضا بشیر تارڑ نے کہا ہے کہ کینیڈا نے پاکستان کو سٹوڈنٹ ڈائریکٹ سٹریم (ایس ڈی ایس ) میں شامل کر رکھا ہے ،اس سکیم میں صرف سات ممالک شامل ہیں۔ اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا ایس ڈی ایس سکیم میں شمولیت سے کینیڈین یونیورسٹیوں اور کالجوں میں داخلے کے خواہشمند طلبا کی ویزا درخواستوں کو مختصر مدت میں نمٹایاجاتا ہے ، پاکستانی طلبا کو ویزا درخواستوں کی منظوری کے لیے تمام ضروری معلومات درست اور مکمل طور پر فراہم کرنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا ویزا پراسیسنگ سنٹر دبئی سے اسلام آباد منتقل کرنے کے حوالے سے کینیڈین حکام کا رد عمل مثبت ہے ، انہوں نے کہا پاکستانی طلبا و طالبات کی ویزا درخواستوں کی بڑی تعداد میں مبینہ مستردگی کو کینیڈین حکام کے ساتھ اٹھایا ہے ، ویزا درخواستوں کی بڑی تعداد میں مستردگی کی خبریں درست نہیں ہیں، کینیڈین حکام اس حوالے سے اعداد و شمار کا جائزہ لے رہے ہیں جنہیں بعد میں پاکستان مشن کے ساتھ شیئر کیا جائے گا، پاکستان اور کینیڈا کے مابین اچھے تعلقات ہیں ،دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم اور وزرائے خارجہ میں ٹیلی فونک رابطے ہوئے ہیں، ہماری کوشش ہو گی کہ آنے والے دنوں اعلی سطحی سرکاری وفود کا تبادلہ ہو، کاروبار میں آسانیوں کے عالمی گراف میں پاکستان کی رینکنگ میں نمایاں بہتری آئی ہے ،کینیڈین سرمایہ کار پاکستان میں کارخانے لگا کر مصنوعات افغانستان،سنٹرل ایشیا اور افریقہ تک کو برآمد کر سکتے ، پاکستان میں غیر ملکی سیاحوں کے لیے بہت پر کشش مقامات موجود ہیں،پاکستان میں مذہبی سیاحت کو بہت فروغ حاصل ہوا ۔