لاہور، پاکپتن، اوکاڑہ، سیالکوٹ ، پنڈی بھٹیاں (سپیشل رپورٹر، کرائم رپورٹر، نامہ نگار خصوصی ، ڈسٹرکٹ رپورٹرز ، تحصیل رپورٹر ، نمائندہ 92 نیوز) پاکپتن میں ضلع کچہری میں وکیل کے چیمبر ز میں نا معلوم افراد نے اندھا دھند فائرنگ کرکے دو بھائیوں سمیت 3 افراد کو قتل اور ایک کو زخمی کردیا، مرنیوالوں میں وکیل کا کلرک بھی شامل ہے ، واقعہ کیخلاف بار ایسوسی ایشن کے کلرکوں نے مظاہرہ کیا اور ڈی پی او پاکپتن کی گاڑی کے سامنے احتجاج کیا۔ خوف و دہشت کی علامت بد نا م زمانہ جرائم پیشہ ، رسہ گیر ڈاکو ابراہیم عرف ابری ملکانہ ، اس کا بھائی افراہیم ملکانہ وکیل شوکت وٹو کے چیمبر ز میں عدالت میں پیشی کے سلسلہ میں آئے ہوئے تھے ،نا معلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر دی ، ابراہیم ، بھائی افراہیم اور وکیل کا منشی یوسف ہلاک ہو گئے ، شہباز ملکانہ شدید زخمی ہو گیا ، دونوں بھائیوں کے خلاف قتل ڈکیتی ، بھتہ خوری سمیت 70سے زائد مقدمات تھے ، پولیس نے تفتیش شروع کر دی، ابراہیم اور افراہیم کے بھائی بنیامین نے 10 مخالفین کے خلاف اندراج مقدمہ کے لیے درخواست دے دی ، یوسف کے ورثہ کی طرف سے مقدمہ کے اندراج کے لیے الگ سے درخواست دی جا رہی ہے ، منشی یوسف کی ہلاکت پر بار ایسوسی ایشن کے کلرک سراپا احتجاج بن گئے اور شدید احتجاج کیا ، ملزمان 11سنگین مقدمات میں قبل از گرفتاری ضمانت پر تھے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن پاکپتن نے سوگ میں 3روز تک سوگ کا اعلان کیا ۔ آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی نے واقعہ کا نوٹس لیکر رپورٹ طلب کرلی، ڈی پی او پاکپتن نے واقعہ کی رپورٹ پیش کر دی جس کے مطابق ہلاک ہونے والے ابراہیم اور افراہیم ضلع کچہری میں عبوری ضمانت میں توسیع کے لیے پیش ہونے آئے تھے ، عدالت نے ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے اگلی تاریخ 9فروری 2019 دی تھی، ابراہیم کے خلاف35مقدمات جبکہ افراہیم کے خلاف30مقدمات مختلف تھانوں میں درج تھے ، دونوں کو سابقہ دشمنی پر قتل کیا گیا۔ دریں اثنا پنڈی بھٹیاں میں پولیس کانسٹیبل نے پولیس کانسٹیبل بیوی کو اپنے بچوں کے سامنے فائرنگ کر کے قتل کردیا اور لاش کو موٹروے کے قریب پھینک کر دو بچوں کو لے کر فرارہوگیا ، ٹھڈا بھٹیاں موٹروے کے قریب ایک نوجوان خاتون کی لاش برآمد ہوئی، مقتولہ کی شناخت نیلم قادر کے نام سے ہوئی ہے جو بطور کانسٹیبل پولیس لائن لاہور میں ڈیوٹی کرتی تھی، مقتولہ اپنے خاوند کلیم کے ساتھ مری سے کار پر واپس آرہی تھی پنڈی بھٹیاں کے قریب خاوند سے جھگڑا ہوگیا جس کے نتیجہ میں ملزم نے فائرنگ کر کے اپنی بیوی کو قتل کر دیا، کانسٹیبل سلیم بھی تھانہ فیکٹری ایریا میں تعینات ہے ۔ اوکاڑہ میں سابقہ رنجش پر تین افراد نے زمیندار کے منشی کو وحشیانہ تشدد کرکے قتل کردیا،مقدمہ درج کرلیاگیا، تھانہ صدر دیپالپور کے قصبہ ماڑی کمبوہ کے زمیندار سردار خان وٹو نے لاہور کے رہائشی طارق اسماعیل کواپنے زمیندار ہ کے لئے منشی رکھاہواتھاجو زمیندار کے ڈیرے پرہی رہائش پذیر تھا ، تین ملزمان امانت عرف سلطان ،اﷲ دتہ،محمد خاں نے اپنے دیگر نامعلوم ساتھیوں سے مل کر طارق اسماعیل کو تشدد کرکے قتل کردیا۔ سیالکوٹ میں لڑائی جھگڑے کی رنجش پر تین افراد نے فائرنگ کر کے محنت کش خاتون کے جواں سالہ بیٹے کو موت کے گھاٹ اتار دیا ، تھانہ ستراہ کے علاقہ بھکی سندھواں کی خا تون زاہدہ پروین کے بیٹے سرفراز کا ملزمان علی رضا وغیرہ کے ساتھ معمولی جھگڑا ہوا ، ملزمان تصور علی اور علی رضا بٹ آئے ، سرفراز کو اپنے ساتھ موٹر سائیکل پر بٹھا کر ساتھ لے گئے کہ گاؤں جا کر معاملہ آپس میں نمٹا لیتے ہیں ، گاؤں پہنچتے ہی ملزمان نے سرفراز کو فائرنگ کرکے مار دیا، مقدمہ درج کرلیا گیا۔ رائیونڈ میں بھائی نے فائرنگ کرکے چھوٹے بھائی کو قتل کردیا، پولیس کے مطابق ملزم کو شک تھا کہ مقتول نے اسکے بیٹے کودو سال قبل قتل کیا تھا ، رائیونڈ کے نواحی چک بوٹا میں معشوق علی کا بیٹا 2سال قبل قتل ہوا تھا، اب معشوق علی چھوٹے بھائی اشرف کو قتل کردیا اور فرار ہو گیا۔