لاہور(وقائع نگار،جنرل رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے مسلم لیگ (ن) کے ایک اور رکن پنجاب اسمبلی نشاط احمد خان ڈاھا نے ملاقات کی اورحلقے کے مسائل سے آگاہ کیا،وزیراعلیٰ نے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔نشاط ڈاہا نے وزیر اعلی عثمان بزدار پر اعتماد کا بھی اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منتخب نمائندوں کیلئے میرے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں ۔عوامی نمائندوں کی عزت میں کمی نہیں آنے دیں گے ۔ منتخب نمائندوں کے جائز کام ہر صورت ہوں گے ۔کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دوں گا۔پی ڈی ایم والے ملک کو پیچھے کی جانب دھکیلنا چاہتے ہیں ۔پی ڈی ایم کا یہ خواب کبھی پورا نہیں ہو گا۔ رکن پنجاب اسمبلی نشاط ڈاہا نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ہمیشہ احترام دیا ۔ بعدازاں وزیراعلیٰ سے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرنجے بن حسائن کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں عالمی بینک کے تعاون سے صوبے کے سماجی وانفراسٹرکچر کے شعبوں کی بہتری کیلئے جاری پروگرام پر ہونے والی پیشرفت پر بات چیت کی گئی جبکہ ڈویلپمنٹ فریم ورک 2022-26 کے تحت اہداف کے حصول کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی بینک پنجاب حکومت کااہم ترین ڈویلپمنٹ پارٹنر ہے ۔ بچوں میں غذائیت کی کمی کو دور کرنے کے لئے جامع پلان پر کام کر رہے ہیں ۔سماجی و انفراسٹرکچرکے شعبوں کی ترقی کیلئے عالمی بینک کا تعاون لائق تحسین ہے ۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ سے سرمایہ کاروں کے وفد نے ملاقات کی ۔وفد نے پنجاب میں سرمایہ کاری پرگہری دلچسپی کا اظہارکیا۔ وزیر اعلیٰ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے انقلابی اقدامات کیے ہیں۔پنجاب سرمایہ کاروں کیلئے جنت بن چکا ہے ۔صوبے میں سرمایہ کاری سے متعلقہ تمام امور کا خود جائزہ لیتا ہوں۔سرمایہ کاروں کے وفد نے وزیر اعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں آپ کی حکومت نے سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے بہترین اقدامات کیے ہیں۔ وفد کی قیادت تعاون پرائیویٹ لمیٹڈکے چیف ایگزیکٹو آفیسر تنویر حسین اعوان کررہے تھے ۔ڈائریکٹر سلمان ناصر عبداللہ،ایڈوائزرشہباز خان،چیف سیکرٹری،چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اورمتعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجو تھے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سے بلوچستان کے وزیر خوراک و بہبود آبادی سردار عبدالرحمن کھیتران کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔ 12 رکنی وفدمیں بلوچستان کے مختلف علاقوں کے عمائدین اور معززین شامل تھے ۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے بلوچستان سے آنے والے وفد کا پرتپاک استقبال کیا ۔صوبائی وزیر عبدالرحمن کھیتران اور وفدنے وزیر اعلی عثمان بزدار کو کورونا سے صحت یابی پر مبارکباددی۔ بلوچستان سے آنے والے وفد کے شرکاء نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ وزیر اعلی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام کی ترقی و خوشحالی بھی پنجاب کی طرح عزیز ہے ۔