لاہور(وقائع نگار،اپنے سٹاف رپورٹر سے ) پنجاب اسمبلی کا اجلاس 2گھنٹے 46منٹ کی تاخیر سے سیپکر اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کی سربراہی میں شروع ہوا۔اجلاس میں مسلم لیگ ن اور پی پی ارکان اپوزیشن کیخلاف انتقامی کارروائیوں جبکہ سپیکر امن وامان کی ناقص صورتحال پر برہم ہوئے ۔رانا مشہود نے کہا ہمارے خلاف حکومتی ایجنڈے کا حصہ بننے والے افسران کی فہرستیں تیار کررہے ہیں،حسن مرتضیٰ نے کہا کہ سرکاری افسران ہمارے ٹیکس سے تنخواہ لے کر ہم پر ہی تشدد کررہے ہیں،حکومتی رکن احمد شاہ کھگہ اور اکبر نوانی بھی پنجاب پولیس کی کارکردگی پر برہم نظرآئے جس پر سپیکر چودھری پرویز الٰہی بھی امن و امان کی صورتحال پر برہم ہوگئے ۔سپیکر پرویز الہی نے وزیر قانون کو کھری کھری سنا دیں۔سپیکر نے کہا40سال ہو گئے ایسی امن و امان کی بد تر صورتحال کبھی نہیں دیکھی، راجہ بشارت صاحب آپ سکون سے بیٹھے ہیں۔ ڈاکو بسوں کی بسیں لوٹ کر آرام سے نکل جاتے ہیں، ڈاکوں کے ہاتھوں لوٹنے والوں کی کسی جگہ پر ایسے واقعات کی داد رسی اور سزائیں نہیں دی جا رہیں یہ ہو کیا رہاہے ، سپیکر نے وزیر قانون کو سختی سے کہا کہ معاملات کو سنجیدہ لیں اورآر پی او اور ڈی پی او اسمبلی میں بلائیں۔اجلاس میں رکن اسمبلی منیرہ یاسمین ( مرحومہ ) سمیت دیگر ارکان کے عزیزواقربا کیلئے دعا ئے مغفرت کروائی گئی۔ اسمبلی میں پناہ گاہ اتھارٹی آرڈیننس اوردی کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی ترمیمی آرڈیننس 2021ء متعارف کروایاگیا ،سپیکر نے دونوں آرڈیننس کومتعلقہ کمیٹی کو سپرد کرتے ہوئے 60 روز میں رپورٹ طلب کر لی جبکہ مخصوص نشست پر منتخب سلمیٰ بٹ سے سپیکر اسمبلی نے حلف لیا۔صوبائی وزیر جنگلات سردار سبطین خان نے کہا کہ محکمہ جنگلات پنجاب کی زیر نگرانی میانوالی میں خوبصورت فیملی پارک تعمیر ہوگا۔ اس ضمن میں پارک کی تعمیر کا آغاز کر دیا گیا ۔ 4 ایکڑ اراضی پر مشتمل پارک5 کروڑکی لاگت سے 4 ماہ کے مختصر عرصہ میں مکمل ہوگا۔ ضروری کارروائی کے بعد سپیکر نے اجلاس آج دوپہر 2 بجے تک ملتوی کردیا۔