لاہور(وقائع نگار،92نیوزرپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں سموگ سے نمٹنے کیلئے پنجاب میں الیکٹرک رکشے اور گاڑیاں چلانے کی تجویز پراصولی اتفاق کیا گیا جبکہ چیمبر وفد سے ملاقات میں وزیراعلیٰ نے لاہور شہر میں نئے پلازنے بنانے کا اعلان کیا۔تفصیل کے مطابق سموگ سے نمٹنے کیلئے جائزہ اجلاس میں صوبہ بھر میں بائیو گیس پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔پی ڈی ایم اے میں سموگ مانیٹرنگ سیل قائم کر دیا گیا ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سموگ پر موثر طور پر قابو پانے کیلئے ڈپٹی کمشنروں کو ریلیف کمشنر کے اختیارات تفویض کردیئے گئے ہیں۔ہر ضلع میں سموگ کنٹرول سنٹر قائم کیاگیا ہے اور کمشنرز اورڈپٹی کمشنرزکے دفاتر میں فوکل پرسن مقررکردیئے گئے ہیں۔ اجلاس میں 7نومبر سے صوبہ بھر میں روایتی بھٹہ خشت بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ زگ زیگ ٹیکنالوجی سے چلنے والے بھٹہ خشت چلتے رہیں گے ۔ وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں 43فیصد سموگ گاڑیوں کے دھوئیں کی وجہ سے پیدا ہورہی ہے ۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ سے لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح الرحمان کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے میاں طارق مصباح الرحمان کوچیمبر صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ ملاقات میں وزیراعلیٰ نے صنعتکاروں او ر تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کاروبار میں آسانیاں پیدا کررہے ہیں او رکرتے رہیں گے ۔حج و عمرے کیلئے ٹورآپریٹرز کی سالانہ فیس ختم کرنے کا جائزہ لیں گے ۔ لاہور میں نئے پارکنگ پلازے بنائیں گے ۔تاجر برادری پارکنگ پلازوں کیلئے جگہ کی نشاندہی کرے ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ حفیظ سینٹر میں آتشزدگی سے تاجروں کے مالی نقصان پر دکھ ہوا ہے ، ازالے کیلئے کمیٹی بنائی ہے ۔ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں تاجروں کے نقصانات کے ازالے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ نے ترکی کے قومی دن پر ترک صدر رجب طیب اردوان اور ترک عوام کو مبارکباد دی ۔وزیراعلیٰ نے لاہوریوں سے اپیل کی کہ کورونا کی دوسری لہر سے بچاؤ کیلئے حفاظتی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کرنا ہوگا۔ کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر عوام احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور شہری گھرسے باہر نکلتے ہوئے ماسک لازمی پہنیں۔