وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے جمعرات کو بلوچستان میں مصروف دن گزارہ اور پشین اور لورالائی کا دورہ بھی کیا اس موقع پر قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے پنجاب حکومت کی جانب سے تربت میں 100بستروں پر مشتمل ہسپتال اور تفتان میں کمیونٹی سینٹر کے قیام کا اعلان کیا۔ اس میں شبہ نہیں کہ تربت کے ہسپتال اور تفتان کے کمیونٹی سینٹر کے قیام سے صوبوں کے مابین ہم آہنگی اور بھائی چارہ بڑھے گا۔ تفتان وہ علاقہ ہے جہاں اس قسم کے کمیونٹی سینٹر کی بہت پہلے سے ضرورت تھی کیونکہ یہاں سے پاکستان اور ایران کے درمیان روزانہ سینکڑوں لوگوں کی آمدو رفت ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے آغاز میں اس قسم کے کمیونٹی سینٹر کی ضرورت کو شدت سے محسوس کیا گیا۔ حکومت پنجاب کے اس اقدام بہت سے مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ طبی سہولتوں کے فقدان کے شکارتربت کے علاقہ میں 100بستروں کے ہسپتال کا قیام بھی علاقے کے لئے ایک نیک شگون ہے جس سے صوبہ میں صحت عامہ کے بہت سے مسائل حل ہو سکیں گے۔ تاہم اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ بلوچستان کے علاوہ دیگر صوبوں سے جن ڈاکٹروں کی یہاں تعیناتی کی جائے گی ان کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جائے‘ اور ان کوتمام سہولتیں ‘ طبی آلات اور ادویات بھی مبہم پہنچائی جائیں تاکہ وہ اپنے تحفظ کے احساسات کے ساتھ خوشدلی سے اپنے فرائض انجام دے سکیں۔