لاہور (وقائع نگار)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں تحریک انصاف جنوبی پنجاب کے صدر اسحاق خان خاکوانی کی قیادت میں جنوبی پنجاب کے اضلاع کے پارٹی صدور نے ملاقات کی جس میں پارٹی معاملات اور تنظیمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کارکن اثاثہ ہیں اور پارٹی کیلئے قربانیاں دینے والے ہمارے سر کا تاج ہیں۔ جنوبی پنجاب میں ہسپتالوں اور سکولوں کی حالت کو بہتر بنائیں گے ۔ موبائل ہیلتھ یونٹس کوبھی جنوبی پنجاب کے دور دراز علاقوں میں بھجوایا جائے گا۔ بجٹ کے بعد پنجاب کابینہ کا اجلاس ملتان میں ہوگا۔ دور دراز علاقوں میں ریسکیو 1122 کے سنٹرز بھی بنائے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا آغاز کیا جا رہا ہے ۔آپ سب کو ساتھ لے کر چلیں گے ۔ضلعی صدور تحریک انصاف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آپ کی قیادت میں صوبہ پنجاب ترقی کی نئی منازل طے کرے گا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ضمنی الیکشن کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن کے موقع پر کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کو پرامن فضا یقینی بنانے پر مبارکباد دیتا ہوں۔بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں پنجاب کے سابق انسپکٹر جنرل پولیس ایم طاہر نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ نے سابق انسپکٹر جنرل پولیس ایم طاہر کے لئے نیک خواہشات کا اظہارکیا ۔وزیراعلیٰ نے محمد طاہر کو سووینئر بھی دیا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سے گزشتہ روز انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں تھرڈ پوزیشن حاصل کرنے والی لاہور کے نواحی گاؤں پانڈوکے کی رہائشی یتیم طالبہ عظمیٰ وارث نے اپنی والدہ کے ہمراہ ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کم وسائل کے باوجود انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں شاندار نمبر لینے پر طالبہ عظمیٰ وارث اور ان کی والدہ کو مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ نے یتیم طالبہ عظمیٰ وارث کو5 لاکھ روپے کا چیک اور گلدستہ دیا۔وزیراعلیٰ نے طالبہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت آپ کی ہرممکن معاونت کرے گی اور آپ کے تعلیمی اخراجات بھی پنجاب حکومت ادا کرے گی۔ تعلیم کے ساتھ علاج معالجہ بھی مفت فراہم کیا جائے گا۔بعدازاں وزیر اعلیٰ کی زیرصدارت 90شاہراہ قائد اعظم پر پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں بجٹ سیشن کے حوالے سے حکمت عملی طے کی گئی۔