لاہور(قاضی ندیم اقبال) بیشتر اہم اوراعلیٰ صوبائی انتظامی عہدوں پر نئی تعیناتیوں کے علاوہ حکومت پنجاب نے متعدد سینئر افسروں کو وفاق بھجوانے کا فیصلہ کر لیا،عمل درآمدچندروز میں شروع ہونے کی قوی توقع ہے ۔مصدقہ اورمعتبر ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب نے کوویڈ19 کے خطرات کے باوجود رواں مالی سال 2020-21 کے دوران صوبہ میں ’’آگے بڑھو پنجاب ‘‘ کے تحت ترقیاتی کاموں کی رفتار کو تیز کرنے کی غرض سے پالیسی ترتیب دے لی جس کی روشنی میں بعض سینئر افسروں، سرکاری اداروں کے سربراہان کی تبدیلی اشد ضروری قرار دی جا رہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ کئی دنوں سے کمشنر لاہور کی خالی اسامی پرنئی شخصیت کی تعیناتی سمیت متعدد کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کی تبدیلی بھی متوقع ہے ۔ اس حوالے سے صوبائی حکومت نے معاملات کو تقریباً حتمی شکل دے دی ۔ ذرائع نے دعویٰ کیا کہ صوبائی حکومت آنے والے دنوں میں صوبہ میں گریڈ21میں کام کرنے والے افسروں میں سے بیشتر کی خدمات وفاق کے سپرد کرنے کا ارادہ رکھتی ہے اور اس ضمن میں فہرستوں کی تیاری کاکام شروع کر دیا گیا تاکہ ایک سے زائد مراحل میں پنجاب میں سول بیوروکریسی کی تبدیلی کا سلسلہ مکمل کیا جا سکے تو دوسری جانب اسٹیبلشمنٹ ڈویژن حکومت پاکستان کے ساتھ بھی رابطے جاری ہیں۔