پشاور(خبر نگار)خیبرپختونخوااسمبلی میں ن لیگ کے ارکان نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی گرفتاری کے خلاف شدیداحتجاج کیا ،اورسپیکرڈائس کے سامنے پہنچ گئے جبکہ پیپلزپارٹی کی صرف نگہت اورکزئی نے ن لیگ کاساتھ دیا،اپوزیشن اورحکومتی اراکین کے مابین شورشرابہ کے باعث سپیکرکو اجلاس ملتوی کرناپڑا۔بدھ کے روز اسمبلی اجلاس میں ن لیگ کی رکن ثوبیہ شاہد پلے کارڈاٹھاکراپنی نشست پرکھڑی ہوگئی اورایوان میں اپناخاموش احتجاج ریکارڈ کروایا اس دوران صوبائی وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہاکہ نواز شریف کرپشن میں جیل گیاہے جسے حکومت نے نہیں، عدالت نے سزا دی آپ لوگوں کا احتجاج بلا جواز ہے جس پر ن لیگ کے اراکین آپے سے باہرہوگئے اورثوبیہ شاہد سپیکراسمبلی کے ڈیسک کے سامنے کھڑی ہوگئیں ۔حکومتی اراکین کی طرف سے نواز شریف چوراور ڈاکو ہے زرداری چور چور کی نعرہ بازی بھی ہوئی جس کے بعداسمبلی کاماحول خراب ہوگیا اور کان پڑی آوازسنائی نہیں دے رہی تھی جس پر سپیکر نے اجلاس ملتوی کردیا۔