پشاور(نیوز رپورٹر)خیبرپختونخوااسمبلی میں سپیکرکے رو یہ کیخلاف اپوزیشن کے احتجاج کا سلسلہ جاری رہا رواں سیشن کے تیسرے روزبھی حزب اختلاف کے ارکان نے سپیکرڈائس کاگھیرائوکرلیا اور حکومت کو ٹف ٹائم دینے کی کوشش کی تاہم ہنگامے اور شور شراپے کے باوجود سپیکر نے ایوان سے دو بل منظور کرالئے ،خیبرپختونخوااسمبلی نے آذربائیجان اور آرمینیاکے سرحدی علاقے سے متعلق قراردادکی منظوری دیدی ایوان میں اراضی کے حصول اور سٹیمپ سے متعلق بل بھی کثرت رائے سے منظور کرلئے گئے ۔تلاوت کلام پاک مکمل ہوتے ہی اپوزیشن ارکان نے ڈیسک بجانا شروع کردئیے ، بعدازاں اپوزیشن نے سپیکرڈیسک کاگھیرائوکرلیا اور آٹاچور،چینی چورکی شدیدنعرہ بازی کی اس دوران حکومتی ارکان خاموشی کے ساتھ اپنی نشستوں پر بیٹھے تماشا دیکھتے رہے ،سپیکرنے اجلاس پیرکے روز دوبجے تک کیلئے ملتوی کردیا۔ جبکہ خیبرپختونخوااسمبلی میں حکومت اوراپوزیشن ڈٹ گئے ''پہلے آپ''معافی مانگیں ، مذاکرات کو دونوں جانب سے معافی مانگنے سے مشروط کردیا گیا ، صوبائی وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہاکہ اپوزیشن کو سپیکر سے معافی مانگنا پڑے گی ،اپوزیشن لیڈراکرم درانی نے کہا کہ ہمارا احتجاج سپیکر کے خلاف ہے جب تک سپیکر معافی نہیں مانگیں گے ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔