کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے پہلے روزپیر کوسرمایہ کاورں کے محتاط طر زعمل کے باعث اتار چڑھاؤکے بعدمندی غالب آگئی جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس93.79پوائنٹس کی کمی سے 42539.23پوائنٹس کی سطح پر آ گیاجب کہ 48.28فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈکی گئی جس سے سرمایہ کار وں کو 14 کروڑ33لاکھ روپے کا خسارہ ہوا تاہم کاروباری حجم گزشتہ ٹریڈنگ سیشن کی نسبت 14.69فی صدزائد رہا۔پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں گزشتہ روزٹریڈنگ کا آغا ز مثبت زون میں ہوا ٹریڈنگ کے ابتدائی اوقات میں منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی خریداری کے باعث تیزی رہی جس کے باعث دوران ٹریڈنگ کے ایس ای100انڈیکس 42737پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا تاہم بعد ازاں منافع کے حصول کی عرض سے شیئرز فروخت کا دباوٗ بڑھ گیا جس کے نتیجے میں تیزی کے اثرات زائل ہوگئے اور انڈیکس 42471پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا بعد ازاں ریکوری آنے سے 42500کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی لیکن مارکیٹ میں مندی کے اثرات غالب رہے اور مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 93.79 پوائنٹس کی کمی سے 42539.23 پوائنٹس پر بند ہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس68.97 پوائنٹس کی کمی سے 19737.88 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 67.29 پوائنٹس کی کمی سے 29462.59پوائنٹس پر بند ہوا۔گزشتہ روز مجموعی طور پر350کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 166کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 169میں کمی اور15میں استحکام رہا ۔