اسلام آباد(سہیل اقبال بھٹی)وفاقی کابینہ نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی اسد عمر اور وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی کی بھرپورمخالفت اور ٹھوس موقف کے باعث چینی کمپنی کیساتھ بغیر بولی15ارب ڈالر سے زائد مالیت کا50لاکھ گھروںکی تعمیر کا معاہدہ کرنے کے منظوری دینے سے انکار کردیا اور معاملہ وزارت ہائوسنگ کو واپس بھجوادیا۔ اسد عمر اور فواد چودھری تجاویز کی روشنی میں سمری دوبارہ تیار کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے ۔ نئی سمری اور معاہدے میں چینی کمپنی کو ٹیکنالوجی پاکستان منتقل کرنے ،پاکستانی اور دیگر کمپنیوں کو بھی منصوبہ میں یکساں مواقع کی فراہمی اور ہائوسنگ پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنایا جا ئیگا۔ 92نیوز کی جانب سے چینی کمپنی کیلئے اس اہم ترین منصوبے کیلئے لابنگ اور لوکل ایجنٹ کا کردار ادا کرنے والی شخصیت سے رابطہ کیا گیا تاہم اس نمائندے کے تعارف کے بعد مذکورہ شخصیت نے فون کال منقطع کردی۔ وٹس ایپ پر بھیجے گئے سوالات کے جواب دینے سے بھی گریز کیا۔