کراچی،لاہور (،سٹاف رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک، نمائندہ خصوصی سے ) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے اپنے بیان میں کہا ہے حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام کو نئے سال کا تحفہ دیا،مہنگائی سے نجات کا واحد حل عمران خان کی حکومت کا خاتمہ ہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ عمران خان نے بڑے دعوے سے کہا تھا 2021 خوشحالی کا سال ہوگا،اب دعوی کدھر گیا ،وفاقی حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو عالمی منڈی کے مطابق کم کرے ، نئے پاکستان میں ہر سال گزشتہ برس کی نسبت زیادہ مہنگا ثابت ہوا اور پھر کہتے ہیں کہ پچھلی حکومتیں نااہل تھیں ۔ادھر پیپلز پارٹی نے پی ٹی آئی حکومت کی 3 سالہ کارکردگی پر وائٹ پیپرز جاری کردیا۔ پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما شازیہ مری نے سندھ اور خیبرپختونخوا میں بیروزگاری کے اعداد و شمار پیش کردیے ۔کراچی میں پر یس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تبدیلی نہیں تباہی آچکی ہے ، سندھ میں بیروزگاری کی شرح 4 فیصد ، خیبرپختونخوا میں بیروزگاری کی شرح 10 فیصد سے زائد ہوچکی ہے ۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ۔ سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ حکومت کا ایک اور ڈاکہ ہے ،عوام کا معاشی نہیں اب حقیقی قتل عام کیا جارہا ہے ۔ پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ سندھ میں گندم چوری کا رونا رونے والے عوام کی جیبوں پر ڈاکے کا جواب دیں،سلیکٹڈ کے ارد گرد بیٹھے مافیاز ریاست مدینہ کے دعویدار کا مذاق اڑا رہے ہیں ۔