کور کمانڈر کانفرنس میں عسکری قیادت نے انتخابی عمل میں شرکت اور پاک فوج کی حمایت اور تعاون پر عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔ پاکستانی قوم افواج پاکستان کو ملک کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی محافظ سمجھتی ہے تو فوج نے بھی ہر مشکل وقت میں اپنی جانوں کی بے مثال قربانیوں کے ذریعے ملک و قوم کے لیے اپنی غیر مشروط محبت کی تاریخ رقم کی ہے ۔ہماری بہادر سپاہ نے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں بے مثال کامیابیاں حاصل کی ہیں اور دہشت گردوں کے صفایا کے علاوہ قدرتی آفات سمیت اہم قومی امور کے لیے بھی پیش پیش ہوتی ہے ۔ قدرتی آفات سیلاب زلزلوںیہاں تک کہ مردم شماری یا انتخابات کے پرامن انعقاد تک کوئی بھی کٹھن مرحلہ درپیش آیا ہے تو قوم کی نظریں اپنی بہادر افواج کی طرف اٹھی ہیں۔ عام انتخابات 2018ء کا انعقاد بھی اس نازک وقت پر ہوا جب فوج دہشت گردی کے خلاف بھر پور کارروائیوں اور افغان سرحد پر خاردار تار لگانے میں مصروف تھی اس قدر اہم ذمہ داریوں کے ساتھ جب حکومت نے ملک میں پرامن انتخاب کے انعقاد کے لیے فوج کو پکارا تو ارض وطن کے محافظوں نے اس کڑے وقت میں بھی قوم کو مایوس نہیں کیا اور 3لاکھ سے زائد فوجی جوانوں نے عوام کے لیے محفوظ و معمون حق رائے دہی کو یقینی بنانے کے لیے اپنی ذمہ داری احسن انداز میں نبھائی ہیں یہ فوج کی جانثاری کا ہی نتیجہ ہے کہ 2018ء کے انتخابات کے دوران بلوچستان کے دلسوز واقعہ کے سوائے مجموعی طور پر پورے ملک میں پرامن ماحول میں الیکشن منعقد ہوئے۔ اس تناظر میں دیکھا جائے تو آرمی چیف کا الیکشن ڈیوٹی کے دوران جان کا نذرانہ پیش کرنے والے فوجی جوانوں کو خراج تحسین بجا ہے۔ آرمی چیف کا قوم کا شکریہ بھی پاک فوج کی قوم سے غیر مشروط محبت اور وطن پر جانثاری کا ثبوت ہے ۔پاکستانی قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے۔