بھمبر، میرپور(92نیوز رپورٹ؍نیٹ نیوز)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چاہتا ہوں کہ دنیا بھر میں پاکستان کے ہرے پاسپورٹ کی عزت ہو اور ہم ایک عظیم قوم بنیں۔آزاد کشمیر کے علاقے بھمبر میں تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا ہم بدقسمتی سے جو غلط راستے پر چلے گئے تھے ، بھیک مانگ کر، قرضے لے کر گزارا کرنا، امداد لے کر دوسروں کی جنگوں میں شامل ہونا، اپنے لوگوں کا نقصان کرنا، اپنی عزت کھونا، کوئی بھیک مانگنے اور قرضہ مانگنے والے کی عزت نہیں کرتا،بھیک مانگ کر، قرضے لیکر ملک نہیں چلایا جاسکتا۔عمران خان نے کہا ہم نے عظیم قوم بننا ، اپنے آپ کو اور ملک کو بھی بدلنا ہے ۔جلسے کے شرکا سے انہوں نے کہا جب 25 جولائی کو ووٹ ڈالنے جاؤگے تو سب سے ایک سوال پوچھنا کہ کیا جس جماعت کے لئے ووٹ ڈال رہے ہیں، ان کا لیڈر سچا اور ایمان دار ہے یا نہیں، کیا ان کا ایسا لیڈر تو نہیں جو ملک سے جھوٹ بول کر بولی ووڈ کی ایکٹنگ کرکے بیمار بن کر باہر گیا۔انہوں نے کہا اس نے ایسی ایکٹنگ کی کہ ہماری کابینہ کے اندر جو عورتیں تھیں، وہ اس کی شکل دیکھ کر رونے لگیں، خوف آگیا کہ جہاز کی سیڑھیاں بھی چڑھ جائے گا یا نہیں، جیسے لندن کی ہوا لگی تو ایک نواز شریف یہاں سے گیا تھا، وہاں جاکر دوسرا نواز شریف نظر آگیا۔انہوں نے کہا عدالتیں آزاد ہیں ، یہ سارے باہر کیوں بھاگے ہوئے ، ان کا منشی اسحٰق ڈار باہر، اس کے بیٹے بھی باہر، نواز شریف کے بیٹے باہر بھاگ گئے ، شہباز شریف کا داماد اور بیٹا بھی باہر بھاگ گیا، بھئی کس سے ڈر رہے ہو۔انہوں نے کہا دنیا میں ہر ایک غریب ملک میں نواز شریف اور آصف زرداری بیٹھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کمزور جیلوں میں جائے اور طاقت ور این آر او لے اور باہر جا کر بیٹھ جائے اور اپنے نواسے کا پولو میچ دیکھے ، یہ بادشاہوں کا کھیل ہے ، یہ عام لوگوں کا کھیل نہیں ، وہاں گھوڑا رکھنے اور پولو کھیلنے کے لئے بڑا پیسہ چاہئے ۔وزیراعظم نے کہا یہ بتائیں کہ پوتے کے پاس اتنا پیسہ کدھر سے آیا، یہ آپ کا پیسہ ہے ۔انہوں نے کہا ہم نے ایک عظیم قوم بننا ہے ، اس راستے پر نکل چکے ، پرانا نظام ہے ، جو پرانے نظام کو بچانا چاہتے ہیں، ان سے ہر روز جنگ لڑ رہے ہیں۔انہوں نے کہا مجھے مقابلہ کرنا آتا ہے اور عوام کی مدد سے ان مافیاؤں کو شکست دے کر دکھاؤں گا اور ہم ایک نیا پاکستان بنا کر اور عظیم قوم بن کر دکھائیں گے ۔عمران خان نے کہا میرے ذہن میں کبھی شک بھی نہیں ہوا کہ آنے والے دنوں میں ہم مقبوضہ کشمیر کو آزاد دیکھیں گے ۔بعدازاں عمران خان نے میرپور خاص میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا آپ سمجھتے ہیں کہ تحریک انصاف کا کوئی امیدوار دو نمبر ہے ، ہوسکتا ہے ہم نے بھی کسی دو نمبر کو ٹکٹ دیا ہو، میں کہہ نہیں سکتا لیکن یقین دلاتا ہوں کہ کبھی بھی جو بھی نیچے آگیا، اگر میں خود چوری نہیں کر رہا اور پیسے نہیں بنا رہا تو میں اس کو کیسے پیسے بنانے دوں گا، اگر میں خود چوری کر رہا ہوں تو پھر اپنی آنکھیں بند کردیتا۔انہوں نے کہا دو بڑی جماعتیں 30 سال سے ملک کو نوچ رہی تھیں، ان کے لیڈر کرتے کیا ہیں، کیونکہ یہ خود بھی پیسہ بنا رہے ہوتے ہیں اور ان کے نیچے ہیں ان کو بھی کانا کردیتے ہیں تاکہ حمام میں سب ننگے ہوں اور ان کو کچھ نہیں کہہ سکیں۔انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر کے دلیر نوجوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں، دنیا میں کوئی اور ہوتا تو گھٹنے ٹیک دیتا ۔انہوں نے کہا اللہ کا وعدہ ہے کہ ایمان والوں کے لئے ہر مشکل کے بعد آسانی پیدا کرتا ہوں، یہ کشمیریوں کے لئے خوش خبری ہے ، وہ دن دور نہیں کیونکہ بھارت نے جو کرنا تھا، وہ کرلیا، ساری دنیا نے دیکھ لیا، یہ جو کشمیر کا جغرافیہ بدلنا چاہتے ہیں لیکن میں کہتا ہوں وہ ناکام ہوں گے ۔عمران خان نے کہا مقبوضہ علاقے میں باہر سے لوگوں کو لاکر بیٹھانا جنگی جرم ہے ، جنیوا کنونش میں جرم ہے اور پاکستان ہر فورم پر اس کو اٹھائے گا۔عمران خان نے کہا ماضی میں بھارت کے کشمیریوں پر مظالم پر کوئی نہیں بولتا تھا،سابق سفیر نے کہاکہ نواز شریف کا حکم ہے بھارت پر تنقید نہیں کی جائے گی،مودی خوش فہمی میں تھا کہ پاکستان اب ہندوستان کے خلاف نہیں بولے گا، 5 اگست کااقدام چپ کرکے ہضم کرجائے گا،مودی کو یہ بھی غلط فہمی تھی کہ اب پاکستان کا حکمران اپنی کرسی بچائے گا،نوازشریف مسئلہ کشمیر پر اس لئے نہیں بولتاتھا کیونکہ مودی ناراض ہوجائے گا۔ علاوہ ازیں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے میرپور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا عمران خان کسی کو کشمیر کا سودانہیں کرنے دے گا،عمران خان دنیا میں کشمیریوں کی آواز بلند کررہا ہے ۔