کراچی (کلچرل رپورٹر) فلم ساز حنیف خان نے کہا ہے کہ ماضی کی سپر ہٹ فلموں کو دوبارہ سینماء گھروں کی زینت بنانے کا عمل پاکستانی سینماء انڈسٹری کے لئے سود مند ثابت ہوگا۔ اس وقت پاکستانی سینماء گھروں کو چلانے کے لئے فلمیں ناپید ہوچکی ہیں سال میں 10 سے 12 فلمیں پاکستانی سینماء کو چلانے کے لئے ناکافی ہیں بڑی تعداد میں فلمیں ریلیز کیا جانا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے ، ایسے حالات میں ان فلموں کی بھی نمائش جلد از جلد ضروری ہے جو کثیر سرمائے کے ساتھ بن کر ڈبوں میں پڑی ہوئی ہیں ۔ نمائندہ 92نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے حنیف خان کا کہنا تھا کہ میری فلم ’’ہلا گلہ‘‘ کو بھی دوبارہ سینماء گھروں کی زینت بنایا گیا ہے ۔ پاکستانی سینماء گھروں میں دوبارہ نمائش ان شائقین کے لئے کی گئی ہے جو کسی وجہ سے فلم نہیں دیکھ سکے اس سے ناصرف پاکستانی سینماء انڈسٹری کو تقویت ملے گی بلکہ فلم ساز کو بھی فائدہ ہوگا۔