لاہور؍ کراچی(نامہ نگار؍ مانیٹرنگ ڈیسک) سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پاکستان سے گزرنے والی پروازوں کیلئے فضائی حدود کی بندش میں مزید ایک دن کا اضافہ کردیا۔ سول ایوی ایشن کے نوٹم کے مطابق رحیم یار خان، سیالکوٹ،سکردو ائیر پورٹس مزید 24 گھنٹے کیلئے بند رہیں گے ،کراچی ،پشاور،کوئٹہ اوراسلام آبادسے پروازیں معمول کے مطابق اڑیں گی،لاہوراورفیصل آباد میں بھی فضائی آپریشن جاری رہے گا۔ نوٹم کے مطابق مشرق سے مغرب اور مغرب سے مشرق آنے والی پروازیں 9مارچ دوپہر تین بجے تک بند رہیں گی۔سیالکوٹ سے ڈسٹرکٹ رپورٹر کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے سیالکوٹ ائیر پورٹ کو 15مارچ تک بند رکھنے کا فیصلہ کیااور اس سلسلے میں پی آئی اے و نجی ائیرلائنزکو مطلع کردیا گیاہے ۔ادھر پی آئی اے کے ترجمان نے کہا ہے کہ فضائی حدود کی بندش سے فضائی سفر کے فاصلے میں واضح اضافہ ہوا ہے اور سفر کا دورانیہ بڑھنے سے آپریشنل اخراجات میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔