لاہور( جنرل رپورٹر) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے پریکٹیکل امتحانات کو شفاف بنانے کیلئے انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ سطح پر تمام پریکٹیکل امتحانات میں انٹرنل ایگزامینرز کے کردار کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس بات کی منظوری پیر کے روز ہونے والے یونیورسٹی سنڈیکیٹ کے اجلاس میں کیا گیا۔ یو ایچ ایس سنڈیکیٹ کا 54واں اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کی سربراہی میں ہوا۔ دیگر ارکان میں وائس چانسلر گجرات یونیورسٹی پروفیسر ضیاء القیوم ، سابق پرنسپل کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج لاہور پروفیسر خواجہ صادق حسین، معروف کالم نگار عطاالحق قاسمی، ڈین فاطمہ میموریل سسٹم لاہور پروفیسر رخشندہ رحمان، سابق پرنسپل سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز لاہور پروفیسر سعید کھوکھر، یو ایچ ایس کے کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر ثاقب محمود ، رجسٹرارڈاکٹر اسد ظہیر اور پنجاب ہیلتھ اور فنانس ڈیپارٹمنٹ کے نمائندے بھی شامل تھے ۔ اجلاس میں یہ بات زیر بحث آئی کہ میڈیکل کے پریکٹیکل امتحانات میں انٹرنل ایگزامینر نتائج پر اثر اندار ہوسکتے ہیں جس سے امتحانات کی شفافیت متاثر ہوتی ہے ۔ سنڈیکیٹ کے ارکان نے اس حوالے سے پروفیسر ڈاکٹر رخشندہ رحمان کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دی ہے جو تمام معاملات کا جائزہ لے کر اپنی سفارشات سنڈیکیٹ کو پیش کریگی۔